نئی دہلی، یکم مارچ (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے گجرات میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو آج انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسے سماجی اور اقتصادی عدم مساوات کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) حکومت ان سب سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔
مسٹر کھڑگے نے آج یہاں ایک بیان میں کہا "گجرات میں خودکشی کے بڑھتے واقعات کے بارے میں پیش کردہ اعداد و شمار انتہائی پریشان کن ہیں اور اس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ریاستی اسمبلی میں پیش کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے تین مالی برسوں میں 495 طلباء سمیت 25,478 افراد اپنی زندگی ختم کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔”
مسٹر کھڑگے نے کہا "سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان المناک واقعات کے پیچھے بنیادی وجوہات میں ذہنی صحت سے متعلق بیماریاں، سنگین جسمانی بیماریاں، خاندانی مسائل، مالی بحران اور امتحانات میں ناکامی شامل ہیں۔”
سماجی اور معاشی عدم مساوات کو خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ بتاتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا ’’یہ سنگین حقیقت گجرات میں برسراقتدار بی جے پی حکومت کی ان پیچیدہ سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے میں ناکامی کی نشاندہی کرتی ہے جن سے ہمارے شہری نمٹ رہے ہیں۔‘‘