بارہ بنکی( یو این آئی): اتر پردیش کے اقلیتی بہبود کے وزیر دانش آزاد انصاری نے مدارس کی بہتری کے لیے کیے جا رہے سروے کے کام کی ستائش کی ہے اور کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں اس معاملے پر افواہ پھیلا کر عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔
آزاد نے صورتحال کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ سروے کے بعد مدارس کو نہ تو بند کیا جائے گا اور نہ ہی ان پر بلڈوز چلایا جائے گا۔ اپوزیشن جماعتیں مدارس کو بند کرنے اور ان پر بلڈوزر چلانے کی بات کر کے مسلمانوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔
یہاں ایک پرائیویٹ اسکول میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آزاد نے مسلمانوں سے اپوزیشن کی باتوں میں نہ آنے کی اپیل کی ۔ اس دوران انہوں نے مدارس کے سروے کو لے کر اٹھائے جانے والے سوالات پر اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت کے ذریعہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس کے فارمولے پر چلنے والے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے اپوزیشن پارٹیاں پریشان ہیں اور اس لیے وہ عوام کو ڈرا دھمکا کر گمراہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سروے کے بعد جن مدارس میں کوئی کمی ہے ان کی حالت بہتر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے والے وہی ہیں جنہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو ووٹ بینک سمجھا ہے۔ آج جب مسلمان مودی اور یوگی کی قیادت میں آگے بڑھ رہے ہیں تو اپوزیشن کو درد ہونے لگا ہے۔