چھترپتی سنبھاجی نگر (یو این آئی) مہاراشٹر کے چھترپتی سنبھاجی نگر کے چھاؤنی علاقے میں بدھ کی صبح ایک کپڑے کی دکان میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے سات افراد کی موت ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت حمیدہ بیگم عبدالعزیز (50)، شیخ سہیل عبدالعزیز (35)، ریشم شیخ سہیل شیخ (22)، وسیم شیخ عبدالعزیز (30)، تنویر وسیم شیخ (23)، عظیم وسیم شیخ (3) اور پری وسیم شیخ (2) کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق جس عمارت میں آگ لگی اس میں کل 16 افراد رہائش پذیر تھے۔ پولیس نے بتایا کہ تمام افراد عمارت کی دوسری منزل پر مقیم تھے۔ متاثرین کے ساتھ سات دیگر افراد بھی دوسری منزل پر جبکہ دو افراد تیسری منزل پر مقیم تھے۔
اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس کمشنر منوج لوہیا کے ساتھ سینئر پولیس افسران بھی جائے واقع پر پہنچ گئے۔دریں اثنا، چھترپتی سمبھاجی نگر کے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا کے امیدوار امتیاز جلیل جائےواقع اور اسپتال پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی افسوس ناک ہے اور جو لوگ اس کے ذمہ دار ہیں وہ بچ نہیں سکیں گے۔وہیں ادھو بالا صاحب ٹھاکرے (یو بی ٹی) کے لوک سبھا امیدوار چندرکانت کھرے بھی موقع پر پہنچے اور واقعہ کے بارے میں اطلاعات حاصل کیں۔