پٹنہ : بہارکے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج اشارہ دیا ہے کہ اپوزیشن قائدین کا ایک اجلاس کرناٹک اسمبلی انتخابات کے بعد پٹنہ میں منعقد ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ کئی قائدین کرناٹک اسمبلی انتخابات میں مصروف ہیں ،اس لئے یہ اجلاس انتخابات کے بعد ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں اپوزیشن اتحاد سے متعلق امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائےگا ۔ نتیش کمار نے کہا کہ یقینی طور پر ہم مل بیٹھیں گے اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد تشکیل دینے پر غور کیا جائے گا ۔ نتیش نے کہا کہ فی الحال کچھ قائدین کرناٹک اسمبلی انتخابات میں مصروف ہیں۔ جیسے ہی انتخابات مکمل ہوجائیں گے، ہم اجلاس کے مقام کا تعین کریں گے ۔ اگر اتفاق رائے پٹنہ پر ہوتی ہے تو اپوزیشن قائدین کا اجلاس پٹنہ میں منعقد کیا جائے گا ۔ نتیش نے کہا کہ ہم اس اجلاس کی میزبانی خوشی سے قبول کریں گے ۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد کیلئے نتیش کمار سرگرم ہیں اور وہ اب تک کانگریس قائدین ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی کے علاوہ آپ کے اروند کجریوال، ترنمول کی سربراہ ممتابنرجی اور سماجوادی سربراہ اکھیلیش یادو سے ملاقات کرچکے ہیں۔ ممتابنرجی نے کولکتہ میں ملاقات کے موقع پر نتیش کمار سے خواہش ظاہر کی تھی کہ چونکہ جئے پرکاش نارائن کی تحریک بہار سے شروع ہوئی تھی، اس لئے اپوزیشن اتحاد کیلئے بھی تمام جماعتوں کا اجلاس بہار میں ہونا چاہئے ۔ اس اجلاس میں طئے کیا جائے گا کہ اپوزیشن کی حکمت عملی کیا ہونی چاہئے ۔نتیش کمار نے کہا کہ چونکہ ممتابنرجی نے پہلے ہی کہا تھا کہ پٹنہ میں اپوزیشن قائدین کا اجلاس منعقد کیا جانا چاہئے، اس لئے یہی کوشش ہوگی کہ پٹنہ میں اجلاس منعقد کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش یہی ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل اپوزیشن کی صفوں میں اتحاد پیدا ہوجائے تاکہ بی جے پی کی مرکزی حکومت سے متحدہ مقابلہ کیا جاسکے ۔