شملہ، 24 مئی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے ہماچل دورے پر کانگریس نے بڑا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جس وزیر اعظم کو ریاست میں آنے والی خوفناک تباہی کے دوران ہماچل کی یاد نہیں آئی، وہ آج کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ کانگریس نے مسٹر مودی کو کسان، باغبان، نوجوان اور خواتین مخالف قرار دیا۔
کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور پارٹی کے ریاستی انچارج اور ایم پی راجیو شکلا نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران مسٹر مودی کی ریلی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹرمودی تاریخ کی اب تک کی سب سے نچلی سطح کی تقریر کر رہے ہیں۔
مسٹروینوگوپال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اب تک ہوئے انتخابات کے پانچ مرحلوں میں مسٹر مودی کو پتہ چل گیا ہے کہ وہ انتخابات ہار رہے ہیں۔ اس گھبراہٹ میں وہ اصل مدوں سے ہٹ کر نچلی سطح کی تقریریں کرکے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران مسٹر مودی اپوزیشن کے خلاف ہر روز جھوٹا پروپیگنڈہ کرتے ہیں لیکن 2014 اور 2019 میں کئے گئے وعدوں کا ذکر تک نہیں کرتے۔ 2014 میں مسٹرمودی نے ملک کے 2 کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج یہ تعداد 20 کروڑ تک پہنچ گئی ہے، لیکن وہ اس پر کچھ نہیں کہتے۔