وارانسی(یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے وارانسی کے رائے دہندگان سے یکم جون کو زیادہ سے زیادہ ووٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔مودی نے جمعرات کو ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے وارانسی کو دنیا کی تہذیبی راجدھانی قرار دیتے ہوئے گذشتہ 10 سالوں میں اپنی حمایت دینے کے لئے وارانسی کے عوام کا شکریہ اداکیا۔ انہوں نے وارانسی کے عوام سے یکم جون کو وارانسی میں ہونے والے الیکشن میں کثیر تعداد میں ووٹنگ کرنے اور بی جےپی کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا’ وارانسی میں ووٹنگ کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ہمارے لئے کاشی بھکتی، شکتی اور ورکتی کی نگر ہے۔ وارانسی دنیا کی ثقافتی راجدھانی ہے۔ یہ موسیقی اور ادب کی سرزمین ہے اور اس تاریخی شہر کا نمائندہ ہونا بابا وشوناتھ کی بے پناہ شفقت اور کاشی کے لوگوں کے آشیرواد سے ہی ممکن ہے اسی لیے میں نے کہا ہے کہ ماں گنگا نے مجھے گود لے لیا ہے۔
مودی نے کہا’اس بار کاشی کا انتخاب نوکاشی کے ساتھ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا انتخاب ہے۔ وارانسی کے لوگوں کو یکم جون کو ایک نیا ریکارڈ بنانا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں وارانسی نے مرکزی حکومت کی ہر اسکیم میں میرا ساتھ دیا ہے اور رہنمائی کی ہے۔بابا وشوناتھ کے عظیم کاریڈور، کاشی رنگ روڈ پروجیکٹ، بنارس ریلوے اسٹیشن کی ترقی اور گنگا گھاٹ کی ترقی سے لے کر روپ وے پروجیکٹ تک، ہر اسکیم نے نہ صرف کاشی بلکہ پورے پوروانچل کو نئی ترقی سے جوڑا ہے، اب اس ترقی کی رفتار آپ کے ووٹ سے آگے بڑھنے والی ہے۔ وارانسی پچھلے 10 سالوں میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کی راجدھانی بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم پی اسپورٹس مقابلے میں عوام کا جوش صاف نظر آرہا ہے، سگرا اور دنجاری میں اسٹیڈیم بنائے گئے ہیں، بناس ڈیری اور راجہ تالاب میں کسانوں کے لیے کارگو کی سہولت فراہم کی گئی ہے، وارانسی کے لاکھوں لوگوں کو مفت موتیا بند کا علاج ہوا اور سیاحت کی ترقی نے شہر میں روزگار میں اضافہ ہوا ہے، ان تمام اسکیموں اور مہمات نے وارانسی کے نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کو نئی طاقت دی ہے۔
مودی نے کہا’میری نامزدگی کے دن نوجوان نسل میں ایک الگ جوش تھا اور اب یہ جوش ہر بوتھ پر نظر آنا چاہیے، میری آپ سے صرف اتنی گزارش ہے کہ یہ انتخاب ترقی کو نئی بلندیوں پر پہنچانے کا موقع ہے۔ اور یہ تبھی ممکن ہے جب وارانسی کے لوگ یکم جون کو زیادہ سے زیادہ ووٹ دیں۔وارانسی کے نوجوانوں، خواتین اور کسانوں سے خصوصی اپیل ہے کہ آپ کا ایک ایک ووٹ میری طاقت میں اضافہ کرے گا اور مجھے نئی توانائی دے گا۔