حیدرآباد:ریاست تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے دوران محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی میں اس بات کا دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریاست میں مانسون کی آمد اپنے وقت پر ہوگی اور 4 جون کو تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں مانسون سرگرم ہوجائے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ہندکی ریاستوں میں مانسون معمول سے 4یوم قبل سرگرم ہونے کا امکان ہے جبکہ ریاست تلنگانہ میں 4جون سے مانسون کے سرگرم ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔
ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست میں مانسون 7جون سے سرگرم ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے او رکہا جار ہا ہے کہ مانسون سرگرم ہونے کے ساتھ ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اور شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر تمام اضلاع میں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ ایک ہفتہ تک جاری رہے گا۔خانگی موسمی پیش قیاسی کے اداروں اور ایجنسیوں کے مطابق 7 تا 15جون کے درمیان جنوبی ہند کی تمام ریاستو ںمیں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
اسکائی میٹ جو کہ گذشتہ 18برسوں سے مانسون کی آمد کے سلسلہ میں درست پیش قیاسی کرنے والا ادارہ ہے اس کے مطابق تلنگانہ میں 7جون کو مانسون سرگرم ہوگا جبکہ دیگر خانگی اداروں کا کہناہے کہ 12تا15جون کے درمیان مانسون سرگرم ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ںکا کہناہے کہ ملک بالخصوص جنوبی ہند کی ریاستوں میں جاری گرمی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ جنوبی ہند میں مانسون جون کے پہلے ہفتہ میں سرگرم ہوجائے گا۔ عہدیداروں کے مطابق ماہرین بادلوں کی رفتار اور موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ کہہ رہے ہیں کہ کیرالہ میں یکم جون کو مانسون سرگرم ہوجائے گا اور اندرون ایک ہفتہ جنوبی ہند کی تمام ریاستوں میں سرگرم ہوجائے گا۔