ممبئی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک):جمعیۃعلماء ہند ایک دستوری اور اصولی تنظیم ہے جو ایک صدی سے زائد عرصہ سے ملک و ملت کی خدمت میں سر گرم عمل ہے،اس جماعت کی ایک روشن تاریخ ہے ۔اور تاریخ کے ہر اہم اور نازک موڑ پر اس کی کارکردگی یہ رہتی ہے کہ ملک میں رونما ہونے والے واقعات اور حالات کا جائزہ لے کر ہندوستان کے باشندوں کو علی العموم اور مسلمانوں کو بالخصوص زندگی کے ہر شعبہ میں اپنا کردار ادا کرنے کی اور اپنی مذہبی انفرادیت اور ملی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی رہنمائی کرتی ہے،مسلمان بچوں کو مذہبی اور عصری تعلیم سے آراستہ کرکے ایک ذمہ دار شہری اور دیندار مسلمان ہونے کا احساس دلانا جمعیۃعلماء ہند کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت،فرقہ واریت اور خود غرضی کو پیار ،محبت،خدمت خلق اور صلح و آشتی کی قدیم روایت سے شکست دے کر امن و امان کے ساتھ ملک کے سیکولر ازم اور بھائی چارہ کو مضبوط بنانے کے مقصد سے اور اپنی تنظیم کو متحرک اور فعال رکھنے کے جذبہ سے جمعیۃعلماء ہند اپنے مجلس منتظمہ کا اجلاس منعقد کرتی ہے۔جمعیۃعلماء ہند کیاراکین عاملہ نے مجلس منتظمہ کا اجلاس 21-20-19؍مئی 2023ء بروز جمعہ ،سنیچر ،اتوارعروس البلاد ممبئی میں رکھنا طے کیاہے۔اس مجوزہ اجلاس کے انتظامی امور کے سلسلہ میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے ضلعی صدور و نظماء اعلیٰ اور کارکنان کی ایک مشاورتی میٹنگ۶؍مارچ کو دفتر جمعیۃعلماء مہاراشٹر میں زیر صدارت حافظ محمد ذاکر صدیقی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر منعقد ہوئی ۔جس میں پورے صوبہ سے ذمہ داروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اس میٹنگ میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی جملہ یونٹوں کو اپنے امکان کے مطابق اسباب اور اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے اصحاب خیر اور صاحب ثروت حضرات سے تعاون حاصل کرنے کی تجویز منظور کی گئی۔
اجلاس سے متعلق مختلف امور کی انجام دہی کے لیے رضاکاروں کی ٹیمیں ( پنڈال کمیٹی،پروپیگنڈہ کمیٹی،قیام و طعام سے متعلق رضاکاروغیرہ کی مختلف کمیٹیاں)بھی تشکیل دی گئیں،ساتھ ہی یہ بھی طے پایا کہ جمعیۃعلماء کے سارے کارکنان اجلاس عام کے لیے اپنے اپنے مقام پر بیداری مہم چلائیں ۔میٹنگ کا آغاز قاری محمد خالد صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔اور صدر مجلس کی دعا پرمجلس مشاورت کا اختتام ہوا۔