یروشلم، 15 مئی (یو این آئی) فلسطین سمیت دنیا بھر میں آج مسلمان یومِ نکبہ منا رہے ہیں، اسرائیلی شہر حائفہ کی سڑکیں آزاد فلسطین کے نعروں سے گونج اٹھیں۔تفصیلات کے مطابق 15 مئی 8 لاکھ فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کا دن ہے، فلسطین سمیت دنیا بھر میں آج مسلمان یومِ نکبہ منا رہے ہیں۔اسرائیلی شہر حائفہ کی سڑکیں آزاد فلسطین کے نعروں سے گونج اٹھیں،‘نکبہ’کے 76 برس مکمل ہونے پر ہزاروں افراد فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے سراپا احتجاج تھے۔
مظاہرے میں فلسطینیوں سمیت، یہود اور عیسائی بھی موجود تھے، فلسطینی ہر سال پندرہ مئی کا دن یوم نکبہ کے طور پر مناتے ہیں، پندرہ مئی 1948 کو اسرائیلی ریاست کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا، جو فلسطینیوں کے لیے یوم سیاہ ہے۔فلسطینی اسرائیلی ریاست کے قیام کو‘نکبہ’یا‘تباہی’قرار دیتے ہیں۔ تاہم غزہ میں اسرائیل جو کچھ اب کر رہی ہے، ایسا لگتا ہے کہ یہ ماضی کے تجربے سے کہیں زیادہ اندوہ ناک اور تباہ کن ہوگا۔1948 کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد اسرائیل نے بے گھر فلسطینیوں کو واپس آنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، اس طرح وہ مستقل پناہ گزین کمیونٹی بن گئے، جن کی تعداد اب تقریباً 60 لاکھ ہے، زیادہ تر فلسطینی اب لبنان، شام، اردن اور اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں کچی آبادی نما شہری پناہ گزین کیمپوں میں رہتے ہیں۔
اس درمیان خبر ہے کہ شمالی غزہ کے جبالیہ اور جنوبی رفح میں فلسطینی مسلح گروپوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی دراندازی میں شدت آ گئی ہے، ساتھ ہی ان علاقوں میں حماس کے جاں بازوں اور صہیونی اہلکاروں کے درمیان ہتھیاروں کی جنگ بھی شدید ہو گئی ہے۔الجزیرہ کے مطابق حماس اور اسرائیل کی فوج کی جانب سے ایک دوسرے کے شدید جانی نقصان کے دعوے سامنے آ رہے ہیں، تاہم اس دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 82 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جو کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران گزشتہ کئی ہفتوں میں ایک ہی دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ آج صبح غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل کے شہر سدیروت کی طرف 2 میزائل داغے گئے، ابتدائی طور پر فوج نے کہا کہ اس کے فضائی دفاع نے پروجیکٹائل کو روک دیا تھا، تاہم بعد میں اس نے تسلیم کر لیا کہ ان میں سے ایک میزائل شہر میں گرا جس سے کافی نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیلی فورسز نے طبی عمارتوں کو نشانہ بنانے کی بدترین روایت برقرار رکھی ہے، علاقے میں موجود الجزیرہ کے نامہ نگاروں نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی گولہ باری نے غزہ شہر کے صابرہ محلے میں یواین آر ڈبلیواے کلینک کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم 10 بے گھر فلسطینی مارے گئے۔الجزیرہ کے مطابق شمالی جبالیہ میں اسرائیلی ٹینک گنجان آباد محلوں اور تنگ گزرگاہوں میں بھی داخل ہو گئے ہیں، جہاں اسرائیلی فورسز نے پہلے حملہ نہیں کیا تھا، ایسی جگہوں پر انھیں فلسطینی جنگجوؤں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے، اور اسلامی جہاد کے عسکری ونگ کا کہنا ہے کہ اس نے متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کیا ہے۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 35,173 فلسطینی شہید اور 79,061 زخمی ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔