سری نگر(یو این آئی)جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ریاستی عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور ہماری جماعت ہر سطح پر عوامی مسائل اُجاگر کرنے اور ان کا سدباب کرانے کے اپنے فرائض کو بخوبی انجام دینے کی از حد کوشش کرتی ہے۔
ان باتوں کا اظہار پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر میں سینئر لیڈران سے تبالہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لوگوں کے مسائل ومشکلات سُنے کے علاوہ پارٹی سے وابستہ لیڈران اور عہدیداران سے پارٹی سرگرمیوں اور تنظیمی پروگراموںکے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔
لوگوں نے بجلی کی بدترین سپلائی پوزیشن کے علاوہ فیس میں بے تحاشہ اضافے کے علاوہ دیگر روز مرہ کی ضروریات کی عدم دستیابی جیسے مسائل اُجاگر کئے اور کہا کہ حکومتی سطح پر عوام کو راحت پہنچانے کیلئے کچھ نہیں ہو رہاہے اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقعے پر بتایا کہ نیشنل کانفرنس آپ کے مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور ہم اس بات سے بھی باخبر ہیں کہ گذشتہ 4برسوں کے دوران عوام کا جینا کیسے دوبھر ہو گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ ہر ایک فرد کی ہمیشہ یہی کوشش رہتی ہے کہ عوامی مسائل کو اُجاگر کیاجاسکے تاکہ ان کا سدباب ہو۔
انہوں نے کہا کہ نےشنل کانفرنس عوام کی ترجمان جماعت ہے اور ہماری جماعت نے ہمیشہ لوگوں کو ہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے۔