نئی دہلی (یو این آئی) تباہ کن زلزلے کے بعد ترکی میں تلاش اور بچاو آپریشن کے لیے بھیجی گئی نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم آپریشن مکمل کرنے کے بعد ہندوستان واپس پہنچ گئی ہے ۔جمعہ کو اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر یہ اطلاع دیتے ہوئے این ڈی آر ایف نے ترکی سے واپس آنے والے افسروں اور جوانوں کی ٹیم کی کچھ گروپ کی تصویریں اور ویڈیوز جاری کیں۔این ڈی آر ایف کی طرف سے جاری کردہ تصویر میں فضائیہ کا ایک بہت بڑا ٹرانسپورٹ طیارہ اور پس منظر میں ایک بینر ہے ۔ بینر پر لکھا ہے’ترکی میںآریشن دوست‘ کی کامیاب تکمیل کے بعد این ڈی آر ایف کے جانباز ریسکیورس کو دلی مبارکباد، خوش آمدید۔ ہندوستان نے ترکی کی مدد کے لیے وہاں شروع کی گئی مہم کا نام”آپریشن دوست” رکھا ہے ۔ اس میں ٹیم کے ساتھ دو سرچ ڈاگ (کتے ) بھی بھیجے گئے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق واپسی پر ٹیم ہنڈن ایئر فورس اسٹیشن پر اتری۔کو ترکی اور ہمسایہ ملک شام میں 6 فروری کو 7.8 شدت کے زلزلے میں 38000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے ۔مکانات اور عمارتوں کے ملبے تلے دب کر لوگ لقمہ اجل بن گئے اور ہزاروں لوگ زخمی ہوئے ۔ہندوستان نے دونوں ممالک کی مدد کے لیے امدادی ٹیم کے ساتھ ضروری سامان، ادویات اورکو فوج کے حلقے میں قائم کئے جانے والے اسپتال اور طبی عملے بھیجے تھے ۔ طبی عملے کی ٹیم اب بھی وہاں موجود ہے ۔این ڈی آر ایف نے کہا ہے کہ اس کی ٹیم نے ترکی کے زلزلے میں انسانی المیے کو کم کرنے کے لیے بہت محنت سے کام کیا ہے ۔این ڈی آر ایف کے ٹویٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے ، وزارت خارجہ میں سکریٹری (مغرب) سنجے ورما نے لکھا’آپریشن دوست نے انسانی امداد اور آفات سے نمٹنے کی خارجہ پالیسی میں ایک قابل فخر باب کا اضافہ کیا ہے ۔ ہندوستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے مدد کے لیے ترکی سے رابطہ کیا۔ ہندوستان پوری قوت کے ساتھ وہاں پہنچا اور کافی دیر تک ٹھہرا‘۔