سری نگر(یواین آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو تقسیم کرنا روز اول سے ہی نئی دلی کا شیوا رہاہے اور موجودہ دور میں ان مذموم کوششوں میں اور بھی تیزی آگئی ہے اور ایسی صورتحال میں یہاں کے تمام پشتینی باشندوں کوبلا لحاظ و مذہب و ملت ، رنگ و نسل اور زبان کے ایک جُٹ ہوکر ایسی مکروہ سازشوںکو ناکام بنانا ہوگا۔ ان باتوں کااظہارموصوف نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر عوامی وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی شناخت،وحدت اور آپسی ہم آہنگی کو قائم و دائم رکھنا ہمارے لئے موت و حیات کا سوال ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم سب متحد اور منظم ہوجائیں اور اپنے حقوق کی جدوجہد میں ثابت قدم اور پُرعزم ہوکر ڈٹے رہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ ٹولیوں میں بٹ کر ہم کچھ بھی حاصل نہیں کرسکتے ہیں، اتحاد و اتفاق ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنی منزل مقصودتک پہنچانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کو اس وقت نہ صرف ہر سطح پر دبانے کی کوشش کی جارہی ہے بلکہ ایک مذموم منصوبے کے تحت یہاں کے لوگوں کو ٹولیوں میں بانٹا جارہاہے اور اس مقصد کی خاطر یہاں اے ٹیم، بی ٹیم، سی ٹیم کے علاوہ اور بھی کئی ٹیمیں میدان میںاُتاری گئیں ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ باہری عناصر سے زیادہ ہمیں اندرونی دشمنوں سے زیادہ ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ ہمیں اندر سے کمزور کرنے مذموم کوششیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام نے ماضی میں بہت سارے چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور مُجھے اُمید ہے کہ موجودہ دور کے سخت ترین چیلنجوں میںبھی یہ قوم سرخ رو ہوکر اُبھرے گی۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس دوران پارٹی کی یوتھ ونگ سے وابستہ عہدیداران اور کارکنان سے بھی تبادلہ خیالات کیا اور یوتھ ونگ کی سرگرمیوں کے علاوہ نوجوانوں کو درپیش مشکلات کی جانکاری حاصل کی۔
انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کا رول انتہائی اہمیت کا حامل ہے، آپ کو آگے چل کر نہ صرف اس جماعت بلکہ پوری ریاست کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ جموںوکشمیر کے عوام کو نیشنل کانفرنس کی تاریخ اور تحریک سے باخبر کریں۔جموں وکشمیر کے عوام کو غربت اور افلاس سے نجات دلانے کے علاوہ مفت تعلیم ،زرعی اصلاحات اور جمہوریت کی آبیاری جیسے سے تاریخی اقدامات سے باخبر کرائیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ہر سطح پر آگے لایا جائے اور ان کی صحیح رہنمائی کرنا پارٹی کی پیرنٹ ونگ کا فرض بنتا ہے۔