نئی دہلی (محمد شاہد اعظمی)۔ بنیتا پن کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت نیپال نے خواتین کی دو طرفہ بلائنڈ سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی جوپوکھرا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ ایک تاریخ بن رہی تھی کیونکہ گنگاوا ہندوستان کے لیے نصف سنچری بنانے اور وکٹ لینے والی پہلے کھلاڑی تھی۔ مضبوط اور تجربہ کار ٹیم نیپال کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کی یہ پہلی بین الاقوامی سیریز ہے۔نیپال کی کپتان بھگوتی بھٹاری نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کے لیے مدعوکیا۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان سشما پٹیل اور نائب کپتان گنگاوا نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے چار اوورز میں پہلی وکٹ کے لیے 37 رنز بنائے۔ اس کے بعد گنگا نے یو ورشا (10)، سمو داس (26) اور ٹی سی دیپیکا (16) کے ساتھ ہندوستان کو قابل احترام ٹوٹل تک لے جانے کے لیے شراکتیں کیں۔ اس کے بعد ہندوستان نے سینڈرا ڈیوس، پریا اور پھولا سرین کا وکٹ یکے بعد دیگرے کھو دیا اور ہندوستان کے تیز رنز بنانے کے دبا کو روک دیا۔ گنگا 71 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہی۔ آخر کار ہندوستان نے اپنے 20 اوورز میں 173پر اپنی اننگز کا خاتمہ کیا۔
جواب میں نیپال کے اوپنرز منکیشی چودھری اور بنیتا پن نے ہندوستانی گیند بازوں کو بے قابو کرتے ہوئے آزادانہ طور پر اسکور کرنا شروع کیا۔ انہوں نے 10.5 اوور میں پہلی وکٹ کے لیے 119 رنز کی شراکت قائم کی اس سے پہلے کہ گنگا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 29 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ یو ورشا نے 13ویں اوور میں سوسما تمانگ کو صفر پر آؤٹ کیا لیکن بنیتا نے دوسرے سرے سے آزادانہ طور پر رنز بنائے۔ اس نے زور دار انداز میں اپنی سنچری مکمل کی اور نیپال کو سریتا گھمیرے کی مدد سے 18ویں اوور میں ہدف عبور کرنے میں مدد کی جو 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ بنیتا نے 57 گیندوں میں 17 چوکوں کی مدد سے 111 رنز بنائے۔ بنیتا پن کو شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔