پٹنہ :بہار کے محکمہ تعلیم نے اساتذہ یونینوں کے احتجاج کی دھمکی کے بعد اسکولوں کی چھٹیوں کو کم کرنے کے اپنے متنازع حکم کو واپس لے لیا ہے۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار جنہیں "اساتذہ کوسبق سکھانے”کے معاملہ میں خاصا سخت سمجھاجاتا رہاہے،ان کی سرکار کا اساتذہ کے سامنے جھکنا اور اپنے فیصلے کو احتجاج کی دھمکی کے پیش نظر واپس لینا ایک غیر معمولی قدم ہے۔ ذہن نشیں رہے کہ اساتذہ یونینوں نے حکومت سے کہا تھا کہ اگر ستمبر اور دسمبر کے درمیان تہوار کے موسم میں چھٹیاں پہلے کی طرح نہیں رکھی گئیں تو وہ منگل سے ریاست بھر میں احتجاج شروع کریں گی۔ محکمہ تعلیم نے پیر کی شام جاری کردہ ایک سرکلر میں کہا، "محکمہ فوری طور پر نظرثانی شدہ تعطیلات کے کیلنڈر کو واپس لے لیتا ہے، ایسی صورت حال میں پرانا تعطیلی کیلنڈر نافذ رہے گا۔”
ذہن نشیں رہے کہ 29 اگست کو محکمہ تعلیم نے تعطیلات کا ایک نظرثانی شدہ کیلنڈر جاری کیاتھا، جس میں ان چار مہینوں کے دوران تعطیلات کی تعداد 23 سے کم کر کے 11 کر دی گئی تھی۔اس کیلنڈر میں حکومت نے رکھشا بندھن، جنم اشٹمی کی چھٹیاں ختم کر دی تھیں اور درگا پوجا، دیوالی اور چھٹھ کی چھٹیاں کم کر دی تھیں۔اس کے بعد پوری ریاست کے اساتذہ اس فیصلے سے کافی ناراض ہیں۔ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی بی جے پی کے رہنما بھی اس فیصلے پر نتیش حکومت کی تنقید کر رہے تھے۔ وہ ریاستی حکومت کو ہندو مخالف قرار دے رہے تھے۔