پٹنہ، 21 دسمبر (یواین آئی) وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج تین روزہ بہار ڈیری اینڈ کیٹل ایکسپو-2023 کا شمع روشن کرکے باضابطہ افتتاح کیا۔ پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے ریموٹ کے ذریعے نیم پلیٹ کی نقاب کشائی کرکے 239.96 کروڑ روپے کے صرفہ سے قائم کومفیڈ، پٹنہ کے پانچ ڈیری پلانٹس، 172.76 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کامفیڈ پٹنہ کے دیگرآلات کا افتتاح اور ویٹنری ومویشی پروری کالج کشن گنج کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کومفیڈ، پٹنہ کی پانچ نئی مصنوعات – مٹھائیاں، نمکین، کوکیز، بریڈ اور پینے کا پانی (سدھا سلیل) کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ریاستی حکومت اور دودھ یونینوں کو 10.50 کروڑ روپے کے منافع کی تقسیم سے متعلق ایک چیک دیا، جس میں 5.76 کروڑ روپے ریاستی حکومت اور 4.74 کروڑ روپے دودھ یونینوں کو تقسیم کیے جائیں گے۔ بہار ویٹرنری کالج، پٹنہ کے قریب واقع احاطے میں کامفیڈ کے دفتر کے احاطے میں 14.31 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے دفتر کی عمارت تعمیر کی جائے گی اور فشریز ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹرمیٹھاپور پٹنہ میں 54.35 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والے’ متسیہ وکاس بھون’ کا سنگ بنیاد رکھا۔ کامفیڈ کے دفتر کے احاطے میں 3.57 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم ہونے والے سدھا کے کیفے ٹیریا کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلیٰ نے بہار اینیمل سائنس یونیورسٹی، پٹنہ کا اینیمل نیوٹریشن ایپ لانچ کیا۔
وزیراعلی نے بہار ڈیری اینڈ کیٹل ایکسپو 2023 کا معائنہ کیا۔ تین روزہ بہار ڈیری اینڈ کیٹل ایکسپو 2023 میں وزیر اعلیٰ کو کئی ریاستوں اور بہار کے مختلف اضلاع سے لائے گئے دود ھ دینے والے مویشیوں/بیلوں کی بہتر نسل کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے فیتہ کاٹ کر بہار ڈیری اینڈ کیٹل ایکسپو کے احاطے میں منعقدہ نمائش کا افتتاح اور معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بہار اینیمل سائنسز یونیورسٹی، پٹنہ کیمپس کے مجوزہ خاکہ کا مشاہدہ کیا۔ پروگرام میں مویشی و ماہی پروری وسائل محکمے کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر این وجے لکشمی نے وزیر اعلیٰ کو پھولوں کا گچھا اور مومینٹوپیش کرتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا۔
بہار اینیمل سائنسز یونیورسٹی، پٹنہ کے کھیل کے میدان میںتین دنوں تک چلنے والے”بہار ڈیری اینڈ کیٹل ایکسپو“ 2023 کا انعقاد مویشی وماہی پروری وسائل محکمہ، کومفیڈ اور بہار اینیمل سائنسز یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ اس ایکسپو میں بہار کے مختلف اضلاع سے ترقی پسند کسان اپنے بہتر نسل کے مویشیوں کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں،جس سے دیگر کسانوں کو بہتر نسل کے مویشیوں کے بارے میں بیداری اور حوصلہ افزائی فراہم ہو گی۔ دیسی اور غیر ملکی/ہائبرڈ نسل کی گایوں کے لیے ایک دودھ دینے والی گائے کا مقابلہ منعقد کیا گیا ہے جس میں سب سے زیادہ دودھ دینے والی گایوں کو انعام دیا جائے گا۔ اس ایکسپو میں کسانوں کو جانوروں کی معیاری خوراک بنانے کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ملک میں مویشیوں کی مناسب دیکھ بھال، فارم مینجمنٹ، مصنوعات کی تیاری، جانوروں کی صحت اور افزائش وغیرہ سے متعلق آلات، ادویات اور دیگر خدمات کی نمائش اور تربیتی پروگرام بھی منعقد کیا گیا ہے۔ اس میں تقریباً 50 کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔کسان سمیناروں کے ذریعے،ریاست کی مختلف یونیورسٹیوں، ایگریکلچر سائنس سینٹروں، حکومتی اداروں اور انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ اور کومفیڈ کے ماہرین کے ذریعہ کسانوں کو نئی ٹیکنالوجیز، وسائل اور اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔ بہار اینیمل سائنس یونیورسٹی کے ڈاکٹر ایکسپو میں مویشوں کی صحت کی جانچ کریں گے جس میں مویشی مالکان اپنے مویشوں کے خون/پیشاب اورپاخانہ کے نمونے ٹیسٹ کروا کر مناسب علاج/مشورہ حاصل کر سکیں گے۔
اس ایکسپو میں ہریانہ کے پانی پت سے مشہور مرہ نسل کے بھینسا ”گولو-“2 کو لا یا گیا ہے جو ہر کسی کی توجہ کا مرکز ہے۔ اس بھینسے کامادہ منویہ (مصنوعی حمل کے لیے) ہر سال 15 لاکھ روپے میں فروخت ہوتا ہے۔ پانی پت کے مویشی میلے میں اس کی قیمت 10 کروڑ روپے لگائی گئی تھی۔ اس بھینسے کے مالک کسان پدم شری نریندر سنگھ ہیں۔ یہ کسان اس میلے میں بہتر مویشیوں کے بارے میں جانکاری دے کر بہار کے کسانوں کو ترغیب دیں گے۔
اس موقعہ پر مویشی و ماہی پروری کے وزیر محمدآفاق عالم ،وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر دیپک کمار ، چیف سیکریٹری مسٹر عامر سبحانی ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ ، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ ، بہار اینمل سائنسزیونیورسٹی ،پٹنہ کے وی سی ڈاکٹر رامیشور سنگھ ، کمفیڈ بہار کے مینجنگ ڈائریکٹرمسٹر پربھاکر ، ڈی ایم مسٹر چندرشیکھر سنگھ ، ایس ایس پی مسٹر راجیو مشرا سمیت دیگر اہم شخصیات سینئر افسران ،مویشیوں کے ماہرین ،بڑی تعداد میں کسان اور مویشی پالنے والے موجود تھے ۔