پٹنہ (یواین آئی ) وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج موریا لوک کی پانچویں منزل پر واقع اے بلاک میں تختی کی نقاب کشائی اور ربن کاٹ کر بہار اسٹارٹ اپ بی-ہب کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ بی ہب کے کاونٹر پر گئے اور اسٹارٹ اپ کاروباریوں سے بات کی اور ان سے کئے جا رہے کام کے بارے میں دریافت کیا۔ نیز کمپنی کی طرف سے تیار کردہ مصنوعات/سروسز اور اس سے لوگوں کو ملنے والی سہولیات کے بارے میں جانا۔
محکمہ صنعت کے پرنسپل سکریٹری سندیپ پاونڈرک نے بہار اسٹارٹ اپ پالیسی 2022 کے بارے میں ایک پریزنٹیشن کے ذریعے وزیر اعلیٰ کو تفصیلی جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس پالیسی کے تحت 10 سال کے لیے 10 لاکھ روپے تک کی بلاسود سیڈ فنڈنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ خواتین کے ذریعہ شروع کیے گئے اسٹارٹ اپس کو سیڈ فنڈ کے طور پر 5 فیصد اور درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل اورمعذور کے اسٹارٹ اپس کو 15 فیصد زیادہ دینے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ایکسلریشن پروگرام میں شرکت کے لیے 3 لاکھ روپے کی گرانٹ کا بھی انتظام ہے ۔انجل سرمایہ کاروں سے سرمایہ کاری کی وصولی پر، بہار اسٹارٹ اپ فنڈ سے کل سرمایہ کاری کے 2% کامیابی کی فیس اور سیبی رجسٹرڈ کیٹیگری 1 اورانجل گروپ سے زیادہ سے زیادہ 50 لاکھ روپے تک کے فنڈ کے برابر مماثل قرض کا انتظام کیا جاتاہے ۔
پروگرام کے دوران گرام شری کسان پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے اسٹارٹ اپ کاروباری مسز آستھا، شو ریوائیول کمپنی کی مسز شازیہ قیصر اور ویامانیکاایرو اسپیس کے مسٹر منیش دکشٹ نے اپنی کمپنی کے کام کے بارے میں اپنا تجربہ شیئر کیا اور بہار حکومت اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی اسٹارٹ اپ پالیسی کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ نے مکھیہ منتری آدمی منصوبہ اور اسٹارٹ اپ انٹرپرائزز پر مبنی علیحدہ کتابچے بھی جاری کئے ۔
وزیر اعلیٰ کو اسٹارٹ اپ انٹرپرینیورز کی تیار کردہ اسٹارٹ اپ کٹس پیش کی گئیں۔آج کے پروگرام میں 28 نئے اسٹارٹ اپس کو سیڈ فنڈز اور ایک اسٹارٹ اپ کو میچنگ لون مجموعی طور پر 1.78 کروڑ روپے کا قرض دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے گورل فوڈز اینڈ بیوریجز پرائیویٹ لمیٹڈ کو 38 لاکھ 80 ہزار 835 روپے ، یونٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ ایل ایل پی کو 5 لاکھ روپے ، ڈیمایا انفومیڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کو 6 لاکھ روپے ، کیوریئس بی ڈیزائنز پرائیویٹ لمیٹڈ کو 4 لاکھ، 20 ہزارروپے اورمیڈیکوائزرپرائیویٹ لمیٹڈ کو 10 لاکھ روپے کا علامتی چیک دیا ۔ اس موقع پر وزیر صنعت سمیر کمار مہاسیٹھ، چیف سکریٹری عامیر سبحانی،ڈیولپمنٹ کمشنر مسٹر وویک کمار سنگھ، محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری و وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، پرنسپل سکریٹری صنعت محکمہ سندیپ پاونڈرک،وزیر اعلی کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ، محکمہ صنعت کے ڈائریکٹر پنکج دکشٹ،پٹنہ کے ڈی ایم مسٹر چندر شیکھر سنگھ، ایس ایس پی مسٹر مانوجیت سنگھ ڈھلون اور محکمہ صنعت کے دیگر سینئر افسران اور اسٹارٹ اپ کاروباری موجود تھے ۔