مرادآباد:(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی)صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کو کہا کہ اترپردیش میں افسران بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں جن کے نشانے پر ان کی پارٹی کے لیڈران اور کارکنا ن ہیں۔ایس پی لیڈر اعظم خان کے ساتھ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ اعظم خان پر جھوٹے مقدمے درج کرائے گئے۔ افسران بی جے پی کے ایجنٹ کے طور پر کام کررہے ہیں۔ ریاست میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد ناانصافی شباب پر ہے۔ ان کی پارٹی کے لوگوں کو بے وجہ پریشان کیا جارہا ہے۔ کسان۔نوجوان اور چھوٹے کاروباری سمیت سماج کا ہر طبقہ بی جے پی کی پالیسیوں اور طرز عمل سے پریشان ہے لیکن کہیں کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔
یادو نے بریلی سے سڑک راستے سے رامپور ہوتے ہوئے اعظم خان کو اپنی کرار میں ساتھ لے کر مرادآباد پہنچے تھے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی شہ پر کام کرنے والے بدعنوانی افسران پر کوئی کاروائی نہیں ہوتی۔ بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کرنے کی یہ روایت جمہوریت کے لئے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رامپور کے ضمنی الیکشن میں رائے دہندگان کو گھر سے باہر نہیں نکلنے دیا گیا جبکہ الیکشن کمیشن ووٹ فیصد بڑھانے پر زور دیتا ہے۔ اسی طرح مین پوری میں عوام نے حکومت کی بےایمانی نہیں چلنے دی۔ گریجویٹ اور ٹیچر ایم ایل سی الیکشن میں بی جےپی نے بے ایمانی سے جیت حاصل کی ہے۔مرکزی بجٹ پرتبصرہ کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ بی جےپی نے اپنا آخری بجٹ پیش کردیا ہے۔ ایل آئی سی کے آئی پی او میں لوگوں کا پیسہ چلا گیا اور حکومت کہتی ہے کہ ہم سرمایہ کاری لائیں گے۔