حیدرآباد ( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ آسام ہیمنتا بسا شرما نے آج تلنگانہ میں وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی خاندانی حکمرانی پر تنقید کی ۔ انہوں نے کے سی آر کی مختلف ریاستوں کے سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کو بھی نشانہ بنایا۔ شرما نے شہر کے ایک مندر کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ کے عوام سے کہنا چاہتے ہیںکہ ہر خاندان کو پھلنا پھولنا چاہئے صرف ایک خاندان کو نہیں۔ انہوں نے مندر میں یہی پوجا کی ہے ۔ تلنگانہ میں صرف ایک خاندان پھل پھول رہا ہے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ تلنگانہ کے ہر خاندان کی ترقی ہو اور خوشحالی آئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سارے عوام کی بہتری کیلئے کام کرنی چاہئے صرف ایک خاندان کیلئے نہیں۔
ٹی آر ایس قائدین کی ان تنقیدوں پر کہ بیرونی ریاستوں سے آنے والے بی جے پی قائدین تلنگانہ میں نفاق پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،مسٹر شرما نے کہا کہ بنیاد پرستی اور لبرلازم ملک میں موجود ہے ۔ بنیاد پرستی نظام اور رضاکاروں کے دور سے ہی موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نظریات کے مابین ٹکراؤ ہوتا ہے اور آزاد خیالی کی جیت ہوتی ہے ۔ چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اپوزیشن اتحاد کی کوششوں پر انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے کے سی آر ملاقاتیںکر رہے ہیں ،وہ کوئی کمزور قائدین نہیں ہیں اور وہ اپنا کام کرتے ہیں۔دریں اثناوزیر داخلہ محمد محمود علی نے وزیراعلیٰ آسام ہیمنتا بسوا سرما کی جانب سے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف متنازعہ بیان کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے چیف منسٹر آسام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے غیرپارلیمانی الفاظ کیلئے غیرمشروط معذرت خواہی کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حیدرآباد کے پرامن ماحول کو بگاڑنے کیلئے آسام کے چیف منسٹر کو مدعو کیا گیا تھا۔ انہوں نے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے قابل اعتراض تقریر کی اور چیف منسٹر کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا جس کی سختی کے ساتھ مذمت کی۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر رہتے ہوئے اس طرح کے الفاظ زیب نہیں دیتے۔ بی جے پی قائدین حیدرآباد کی گنگاجمنی تہذیب کو بگاڑنے اور ہندو اور مسلمانوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے ایجنڈے کے تحت ایسی تقاریر کررہے ہیں۔ وہ لاکھ کوشش کرلیں لیکن تلنگانہ حکومت ان کے ناپاک ارادوں کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ اسی دوران وزیر داخلہ نے وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو، ڈائریکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی اور کمشنر پولیس سی وی آنند کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ گنیش جلوس کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے جلوس کے پرامن اختتام پر عوام اور پولیس کے بشمول دیگر سرکاری محکمہ جات سے اظہار تشکر کیا۔ ر