لکھنؤ:نواسہٗ رسول جگر گوشہٗ بتول حضرت حسین ؓ کی صفات و کمالات، اولوالعزمی، جود وسخا اور شجاعت ودلیری کے ذکر کے لئے شہر ادب کی متحرک تنظیم مسرور ایجو کیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام ’’ذکر حسین ‘‘ عنوان قائم کر کے علماء شعراء اور دانشوروں کو دعوت دی گئی ۔ اس موقع پر مولانا ڈاکٹر مہدی حسن فہمی نے اپنے خطاب میں فرمایا لطف نماز حسینؓ سے پوچھئے ۔ کوئی حسینیؓ ظالم نہیں ہو تا ، شہادت حسینؓ کا مقصد رب کی رضا اور خوشنودی ہے ۔ ممتاز پی جی کالج کے سابق پرنسپل ڈاکٹر عتیق فاروقی نے کہا اہل بیت رسول سے محبت ایمان کی علامت ہے ۔ ناظم پروگرام رضوان فاروقی کے مطابق شہادت مومن کی معراج ہے ۔ اس کے حصول کے لئے جذبہٗ جہاد ضروری ہے ۔ پروگرام کا آغاز عالمہ منصور ، اور حنین حسن خاں نے مناقب حسینؓ سے کیا ۔ پروگرام میں ہردوئی ، گونڈہ ، اور اطراف و اکناف کے شعراء نے شرکت کی ۔ استاذ الشعراء محمد فاروق جاذب کی صدارت میں ہونے والے اس بامقصد پروگرام میں ساحل عارفی ، منصور حسن خاں ، زبیر انصاری ایڈو کیٹ ، عزم گونڈوی وغیرہ نے شرکت کی ۔ منتخب کلام درج ذیل ہے ۔
مر بوط ہے حضورؐ سے نسبت حسین ؓ کی
ہر ایک وصف ، وصفِ حمیدہ کا تر جماں
محمد فاروق جاذب
قربان جائیے کہ خود آقا ؐ نے یہ کہا
میں ہوں حسینی ؓ اور مری جان ہیں حسین ؓ
ایڈو کیٹ زبیر انصاری
چلے جو حکم خدا پر نبی ؐکی سنت پر
وہی فدائے حسنؓ ہے وہی فدائے حسین ؓ
رضوان فاروقی
پھر تشنگی بھی ان کا بھلا کیا بگاڑتی
جب پی لیا تھا صبرکا شربت حسین ؓ نے
اختر ہاشمی
جو ہیں شہیدوں کے سردار حضرت ِحمزہ ؓ
تو خلدمیں ہیں جوانوں کے سربراہ حسین ؓ
مولانایقین فیض آبادی
جس کو جھکانے کے لئے ڈھائے گئے ستم
نیزے پہ بھی وہ سر نہ جھکا تھا حسین ؓ کا
نصیر احمد نصیر
عشق سرکار ؐ تیرا بے معنی
تو نہیں ہے اگر فدائے حسین ؓ
ساحل عارفی
جنت میں نو جوانوں کے سردار ہیں وہی
فہمی اسی لئے ہے زمانہ حسین ؓکا
ڈاکٹر مہدی حسن فہمی
اس کو بھلا ہو سختی محشر کا خوف کیا
جس کا خیال تم رکھو روز جزا حسین ؓ
ڈاکٹر منصور حسن خاں
سکون قلب و نظر چاہتے ہو عزمؔ اگر
غم حسین ؓ سے وابستگی ضروری ہے
عزم گونڈوی
مذکورہ شعراء کے علاوہ،خالد حلیم، مصور احمد ، شمیم احمد قدوائی ، ارشاد انجم، و اہل محلہ نے شرکت کی ۔ محفل کا اختتام ڈاکٹر منصور حسن خاں کے کلمات تشکر پر ہوا ۔