نئی دہلی (یو این آئی) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے پیر کو یہاں ایک تقریب میں 67 شخصیات کو پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ایوارڈز سے نوازا محترمہ مرمو نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں تین پدم وبھوشن، آٹھ پدم بھوشن اور 56 پدم شری ایوارڈ پیش کیے صدر جمہوریہ نے سابق نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، ڈاکٹر پدما سبرامنیم اور بندیشور پاٹھک کو پدم وبھوشن سے نوازا مسٹر بندیشور پاٹھک کو یہ اعزاز بعد از مرگ دیا گیا ہے ان کی اہلیہ نے صدر جمہوریہ سے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ فلم اداکار متھن چکرورتی، گلوکارہ اوشا اتھپ اور اتر پردیش کے سابق گورنر رام نائک کو پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ اس موقع پر نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور کئی معززین بھی موجود تھے۔
جن معزز شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا گیا ان میں ممبئی کے مشہور و معروف تعلیمی، سماجی اور ثقافتی ادارہ انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی بھی شامل تھے۔ ڈاکٹر ظہیر قاضی کے اہل خانہ بھی حاضر رہے۔ گزشتہ 75 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پدم شری کے اعزازکے لیے نامزد کیاتھا۔ مہاراشٹر کی 10 اہم شخصیات میں ڈاکٹر ظہیر قاضی بھی شامل ہیں جو کہ 14 برس سے انجمن اسلام کے صدر کی حیثیت سے سرگرم ہیں اور اس دور میں ان کی دور اندیش قیادت کے اثرات نظر آتے ہیں وہ 40 برس سے تعلیم کے شعبے سے وابستہ ہیں، امسال ادارہ انجمن اسلام اپنے قیام کے 150،سال مکمل کر رہا ہے ۔ممبئی میں مقیم ماہر تعلیم اور ایک مشہور ریڈیولوجسٹ ڈاکٹر ظہیر قاضی پونڈاگوا میں پیدا ہوئے اور پرورش پائی۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر حکومت ہند نے ادب اور تعلیم کے زمرے میں چوتھے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم شری کے لیے ان کے نام کا اعلان کیا۔