نئی دہلی( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): انڈین نیشنل کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کل یعنی 7 ستمبر سے تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہونے جا رہی ہے۔ یاترا شروع ہونے سے قبل پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اس کے اغراض مقاصد بیان کئے اور بتایا کہ ملک کے تمام باشندان کا اس میں شریک ہونا کیوں ضروری ہے۔ قومی آواز ڈاٹ کام نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پرینکا گاندھی نے کہا، ’’آج بھارت جوڑو یاترا کی ضرورت کیا ہے؟ کیا یہ ملک متحد نہیں ہے؟ ہم کیا جوڑ رہے ہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ آپ جیسے کروڑوں ہم وطن بہت محنت کرتے ہیں۔ کوئی اپنے گھر میں کام کر رہا ہے، کوئی زراعت کا کام کر رہا ہے۔ کوئی مزدوری کر رہا ہے۔ کوئی فیکٹری میں کام کر رہا ہے۔ کوئی سرکاری نوکری کر رہا ہے۔ ہر کوئی محنت کر رہا ہے۔ ہم محنت کر کے اس ملک کو آگے لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن جو سیاسی بحث ہو رہی ہے، وہ آپ کے سوالات پر نہیں ہو رہی۔ آپ جن مسائل اور جدوجہد کا سامنا کر رہے ہیں ان پر بات نہیں کی جا رہی۔‘‘
انہوں نے کہا، "آج ایک مختلف قسم بحث ہو رہی ہے اور سیاست منفی ہو چکی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس یاترا کے دوران ملک کی وہ تمام آوازیں اور وہ خواہشات سامنے آئیں جو چاہتی ہیں کہ سیاست، حکومت اور رہنما عواومی مسائل پر بات کریں۔ ان آوازوں کو جوڑ کر ہم اس ملک میں ایک مضبوط آواز بنانا چاہتے ہیں۔ سیاست میں عوام کے مسائل پر بات کرنی چاہیے۔ اصل بحث ئی ہونی چاہیے کہ اتنی مہنگائی کیوں ہے؟ بے روزگاری کیوں ہے؟‘‘
پرینکا گاندھی نے کہا، ”میں آج آپ سب سے اس یاترا میں شامل ہونے کی اپیل کر رہی ہوں۔ آپ جتنی دیر کے لئے چاہیں اس یاترا میں شریک ہو سکتے ہیں۔ یاترا آپ کے شہر یا ارد گرد سے گزر رہی ہو تو اس میں شرکت کریں کیونکہ یہ ایک مثبت کوشش ہے۔‘‘
کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا، ’’بہت سے لوگوں نے ہم سے پوچھا کہ وہ اس یاترا سے کیسے جڑ سکتے ہیں؟ ہماری ایک ویب سائٹ ہے www.bharatjodoyatra.in، اس پر مکمل معلومات موجود ہیں کہ یہ یاترا کس دن اور کہاں سے گزر رہی اور آپ اس میں کیسے شرکت کر سکتے ہیں۔ اگر یہ یاترا آپ کے شہر، آپ کے علاقے سے گزر رہی ہو اور آپ کے پاس ایک گھنٹہ، ایک دن یا کچھ وقت ہے تو زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شرکت کریں۔ یہ ایک مثبت چیز ہے، یہ ایک اچھا خیال ہے، پیار بھری ہے، اس ملک کو متحد کرنے کی بات کر رہی ہے۔ اس میں شریف ہوں اور ملک کو مضبوط بنائیں۔‘‘
انہوں نے کہا، "اگر آپ کوئی نظم، نعرہ یا گانا بنانا چاہتے ہیں اور اسے اپ لوڈ کرنا چاہتے ہیں تو #Bharatjodoyatra کے ساتھ آپ اسے اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ اگر یکجہتی کی کوئی کہیانی ہو یا ملک کے اتحاد اور مستقبل کے بارے میں کچھ کہنا چاہتے ہیں تو آپ اسے بھی اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ ہم بہت خوش ہوں گے۔ آپ سب اس ہیش ٹیگ کا استعمال کریں اور مکمل سفر کے بارے میں جاننے کے لیے ہماری ویب سائٹ پر آئیں۔‘‘
خیال رہے کہ انڈین نیشنل کانگریس ’بھارت جوڑو یاترا‘ تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہوگی اور 12 ریاستوں سے ہوتی ہوئی جموں و کشمیر میں اختتام پذیر ہوگی۔ یاترا کا مقصد سماج سے نفرت کو ختم کرنا اور عوام کے مسائل پر بات کرنا ہے۔ 3500 کلومیٹر پر مشتمل اس یاترا کا سفر تقریباً 150 دن تک جاری رہے گا۔
کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے گزشتہ روز یاترا کے حوالہ سے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ 7 ستمبر کو راہل گاندھی یاترا سے پہلے صبح 7 بجے سری پیرمبدور میں راجیو گاندھی میموریل جائیں گے۔ اس کے بعد کنیا کماری کے گاندھی منڈپم میں ایک تمام مذاہب کا دعائیہ اجلاس ہوگا جہاں تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن راہل گاندھی کو ترنگا سونپیں گے اور سبھی لیڈر گاندھی منڈپم سے کچھ فاصلے پر جلسہ گاہ تک پیدل چلیں گے۔