علی گڑھ: شعبۂ اردو ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ۱۰؍ اگست ۲۰۲۳ء کو شعبے کے نئے سربراہ اور اردو کے معروف ناقد اور محقق پروفیسر قمرالہدیٰ فریدی نے اپنے عہدے کی ذمہ داری سنبھال لی ۔ پروفیسر فریدی کے سوسے زائد مقالات اور سترہ کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ ان کی تصانیف کے لیے یوپی اردواکیڈمی اور بہار اردو اکیڈمی سے انھیں ایوارڈ سے سرفرازکیا جا چکا ہے جن میں’’ اردو داستان :تحقیق و تنقید‘‘، ’’طلسم ہوش ربا : ’’تنقید و تلخیص‘‘ ،’’ اظہار و ابلاغ‘‘، ’’سرسید اوراردو زبان وادب‘‘ شامل ہیں۔
پروفیسر فریدی کو ان کی کتاب’’ اردو نثراصناف و اسالیب‘‘ کے لیے کلیم الدین احمدایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ داستان، تاریخِ زبان، سرسید احمد اور علی گڑھ تحریک ان کی دلچسپی کے خاص موضوعات ہیں۔ درسی کتب کی تیاری کے سلسلے میں این سی ای آرٹی،نئی دہلی کے متعددورکشاپ میں سبجیکٹ ایکسپرٹ کی حیثیت سے پروفیسر فریدی کو مدعو کیا جاتا رہا ہے۔ وہ ماہنامہ تہذیب الاخلاق ، سہ ماہی فکر ونظر علی گڑھ، تنقید (ششماہی) علی گڑھ کے علاوہ الفاظ (سہ ماہی) علی گڑھ اور دانش، آرٹس فیکلٹی جرنل، اے ایم یو کی ادارت کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ہندی اور شعبہ عربی کی بورڈ آف اسٹڈیز کے علاوہ جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی کی بورڈ آف اسٹڈیز اورڈیپارٹمنٹل ریسرچ کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے بھی ان کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔
پروفیسر فریدی، چھتر پتی شاہو جی مہاراج یونیورسٹی، کان پور اور ونود بہاری کوئیلانچل یونیورسٹی، دھنباد، جھارکھنڈ کی بورڈ آف اسٹڈیز کے بھی رکن ہیں۔ اب تک ان کی نگرانی میں بائیس طلبا اور طالبات پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرچکے ہیں۔فی الوقت اردو اکیڈمی ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کی اضافی ذمے داری بھی پروفیسر فریدی کے سپرد ہے۔