ان کے شعر”اصولوں پر جہاں آنچ آئے تو ٹکرانا ضروری ہے”میں کچھ ترمیم کے ساتھ اسے فلم میں استعمال کرنے کی مانگی اجازت
امروہہ /بریلی(ڈاکٹرمہتاب امروہوی )بالی وڈ کےمشہورسپراسٹار ورلڈ کپ کے برانڈ ایمبسڈرشاہ رخ خان نے اپنی آنے والی فلم جوان میں پروفیسر وسیم بریلوی کے ایک شعر کو کچھ ترمیم کے ساتھ استعمال کرنے کی اجازت فون کے ذریعہ مانگی ہے۔ پروفیسر وسیم بریلوی نے اس نماندے کو بتایا کہ شاہ رخ خان نے ان سے تقریبن سترہ اٹھارہ منٹ بات کی جس میں انہوں نےکہا کہ آپ کی مشہور غزل کا یہ شعر”اصولوں پر جہاں آنچ آئے تو ٹکرانا ضروری ہے”،” جو زندہ ہو تو پھر زندہ نظر آنا ضروری ہے” تھوڑی سی ترمیم کے ساتھ اپنی فلم کے ایک سین میں استعمال کرنا چاہتا ہوں۔
Presenting… #ZindaBanda! https://t.co/CaL0aS2Pqu pic.twitter.com/Cod3OgJ2Uf
— Shah Rukh Khan (@iamsrk) July 31, 2023
وسیم بریلوی نےکہا کہ اشعار کے معاملےمیں کبھی سمجھوتہ نہیں کیا لیکن آپ کے حسن اخلاق اور ادب نوازی کےپیش نظرآپ یہ شعر ادب کےدائرے میں ترمیم کےساتھ اپنی فلم میں شامل کر سکتےہیں۔ پروفیسر وسیم بریلوی نے بتایا کہ جس انداز میں شاہ رخ خان نے ان سے گفتگو کی ، وہ آج کےادبی و فلمی پس منظر میں بہت کم نظرآتی ہے۔انہیں پرانےوقتوں کے تمام ہدایت کار،گیت کاراوراداکاریاد آگےجو ایک ایک لفظ اورایک ایک شعرکو بہت سلیقےسےاستعمال کرتے تھے۔پروفیسربریلوی نے ڈاکٹرراہی معصوم رضا، راجندر سنگھ بیدی،کےآصف،احسن رضوی،کمال امروہوی ،وجاہت مرزا،شیام بینگل، کیفی اعظمی،شمس لکھنوی شکیل بدایونی،اسد بھوپالی،خمار بارہ بنکوی، شمیم جےپوری،سہراب مودی،راجکپور،دلیپ کمار،راجندر کمار اور راجکمار وغیرہ کو یاد کیا جو ادب کو پورا احترام دیتے تھے، ادب اور فلمی صنعت کے فروغ کے لیے مسلسل کوشش کرتے تھے۔
پروفیسر وسیم بریلوی نے مزید کہا کہ یہ ادب کی خصوصیت ہے کہ چاہے زمانہ کوئی بھی ہو حالات کیسے بھی ہوں ادب ہمیشہ ادب ہی رہتا ہے اور لوگوں کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد شاہ رخ خان نے انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے اور ٹویٹ کے ذریعہ بھی کہا کہ آپ نے ہمیں یہ شعراپنی فلم میں استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں ترمیم کی گستاخی کو قبول فرمایا ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے ججوں کی حلف برداری میں پروفیسر وسیم بریلوی کا ایک شعر پڑھا تھا تم آگئے تو کچھ چاندنی سی باتیں ہوں ،زمیں پہ چاند کہاں روز روز اترتا ہے۔اس کےعلاوہ گزشتہ دنوں پاکستانی سیاست میں عمران خان ، جنرل باجوہ ،شہباز شریف کے سیاسی مراسم اور کھینچ تان کو لیکر وسیم بریلوی کےاشعارکثیرتعداد میں ٹی وی شوکےدوران استعمال کےجا رہے ہیں.