بی ایس پی اورونچت بھوجن اگھاڑی ویگر تنظیموں کی تائید
اورنگ آباد:کل جماعتی وفاق مسلم نمائندہ کونسل کی جانب سے حکومت کے اورنگ آباد تبدیلی نام کے خلاف ۱۸؍مارچ کو دھرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ شہر میں تبدیلی نام کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاج درج کرایا جارہا ہے ۔کونسل کے صدر سلیم صدیقی اور سیکریٹری جنرل محمد منتجب الدین شیخ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ سبھی احتجاجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ خاص کر کونسل کے ۱۸؍مارچ ۲۰۲۳ء کے دھرنے میں شامل ہوکر ملی حمیت کاثبوت دیں اور حکومت کے زبردستی تھوپے گئے فیصلے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں تاکہ حکومت اپنے غیر دستوری فیصلہ پر نظرثانی کریں۔
کونسل کے اس احتجاجی دھرنے کو اورنگ آباد کی تمام سماجی، سیاسی، ملی تنظیموں نے اپنی تائید کاا علان کیا تھا ۔اس کے علاوہ مراٹھواڑہ کی کئی تنظیموں نے تائید کا اعلان کیا ہے۔ان کے علاوہ برادران وطن ودیگر تنظیموں نے بھی تائید کا اعلان کیا ہے ۔جن میں بی ایس پی کے ضلع صدر سمادھان جادھو نے کونسل کے صدرسے ملاقات کرکے اپنی پارٹی کی جانب سے اپنی پوری طرح سے تائید کا تیقن دلایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ونچت بھوجن اگھاڑی کے شہر صدر جلیس احمد ،طیب ظفرمراٹھواڑہ سیکریٹری،ضلع نائب صدر عبدالصمد ،بھگوان کھلارے سیکریٹری جنرل سینٹرل، راہول گائیکواڑ ،آنند شیجوڑ،عبدالمنان خان ،شاداب صدیقی،شیخ شاکر ،احمد کاشف ،سلیم محی الدین صدیقی ودیگر نے صدرکونسل و ذمہ داران سے ملاقات کر تائید کاخط دیا وہر طرح سے تعاون کی بات کہی اور عوام سے اپیل کی ہے کہ 18؍مارچ 2023ء، بروز سنیچر ، کو اپنی تمام تر مصروفیات کو بالائے طاق رکھ کر اس احتجاجی دھرنے میں شامل ہوکر اپنا احتجاج درج کرائیں اور ملّی حمیت کا ثبوت دیں۔اس طرح کی اطلاع کونسل کے سیکریٹری جنرل منتجب الدین شیخ نے دی۔