کراچی :جماعت غربا ء اہل ِ حدیث پاکستان کے مرکزی امیر مولانا حافظ عبدالرحمن سلفی سمیت پاکستان بھر کے علماء کرام اور تمام مکاتب ِ فکر کے دینی حلقوں نے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کومغربی ایجنڈے کی شکست فاش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ اسلامی تعلیمات کے خلاف تھا اور اب بھی ہے۔ اتحاد بین المسلمین کونسل آف پاکستان کے چیئر مین علامہ ڈاکٹر عامر عبداللہ محمد ی اور ہزاروں علماء کرام نے اس ٹرانس جینڈر بل کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کسی بھی قسم کا غیر شرعی بل اور شریعت مطہرہ سے متصادم قوانین پر عمل درآمد کرنا قرآن و حدیث اور ملکی قوانین سے انحراف کے زمرے میں آتا ہے ۔ مولانا سلفی نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت اور اسلامی نظریاتی کونسل آف پاکستان کے فیصلے کی ہر سطح پرتوثیق کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ دین اسلام اور پاکستان میں خواتین اور خواجہ سرائوں کے حقوق پر روز اول سے عمل کیا جا رہا ہے۔ مولانا سلفی نے کہا کہ قرآن و حدیث پاکستان کا سپریم لا ء ہے اسے کسی بھی اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنا شریعت مطہرہ سے مذاق کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی ماہرین اور پاکستان کی 22 کروڑ عوام وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کوہی فالو کریں۔مولانا سلفی نے کہا کہ پاکستان کے وکلاء اور قانونی ماہرین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ٹرانس جینڈر ایکٹ کے فیصلے کو مثبت فیصلہ قرار دیا ہے۔