نئی دہلی، 02 جون (یو این آئی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایگزٹ پول کو ‘محض تخیل’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پول میں کوئی سچائی نہیں ہے اور یہ ‘مودی میڈیا’ کا خیالی پول ہے کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ ایگزٹ پول نہیں ہے بلکہ مودی میڈیا پول ہے اور اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ 4 جون کو سامنے آنے والے انتخابی نتائج میں انڈیا گروپ 295 سیٹیں جیت رہا ہے مسٹر گاندھی نے کہاکہ ’’اس کا نام ایگزٹ پول نہیں ہے بلکہ مودی میڈیا پول ہے۔ یہ مودی جی کا پول ہے۔ یہ خیالی قیاس آرائیاں ہیں۔ کیا آپ نے سدھو موسی والا کا گانا سنا ہے، آپ نے 295، ہم 295 سیٹیں جیت رہے ہیں۔
خیال رہے کہ کل کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میٹنگ تقریباً 2.30 گھنٹے تک چلی۔ ہم نے کئی اہم نکات پر گفتگو کی۔ ہمیں ووٹ شماری کے دن کیسی پالیسی رکھنی ہے، اس پر بھی سبھی پارٹیوں کے ساتھ بات چیت ہوئی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ ’’میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ آج شام ایگزٹ پول پر ہونے والے مباحثوں مین انڈیا اتحاد کے لیڈران شرکت کریں گے تاکہ بی جے پی اور اس کے نظام کو بے نقاب کیا جا سکے۔‘‘
ملکارجن کھڑگے نے اس دوران انڈیا اتحاد کو کم از کم 295 سیٹیں حاصل ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ عوام سے جو نمبر ملے ہیں، اس کے مطابق انڈیا اتحاد 295 سے زیادہ سیٹیں حاصل کر رہی ہے۔ سبھی پارٹیوں سے پوچھنے کے بعد اس نمبر کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ کھڑگے میڈیا میں آنے والے ایگزٹ پول سے پہلے ہی میڈیا کے ایگزٹ پول کو مسترد بھی کر دیا اور کہا کہ ’سرکاری سروے‘ میں نمبرس اوپر نیچے کر دیے جاتے ہیں، لیکن جو نمبر (295) ہمارے پاس ہے وہ عوام کا سروے ہے۔
ملکارجن کھڑگے نے میٹنگ کے بعد منعقد پریس کانفرنس میں یہ بھی بتایا کہ انڈیا اتحاد کی سبھی پارٹیوں نے اس بات پر گفتگو کی کہ ووٹ شماری کے وقت کس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس سے کس طرح نمٹا جائے۔ سبھی پارٹیاں اپنے کارکنان کو یہ ہدایت بھی دیں گی کہ ووٹ شماری کے دن مستعد رہیں اور احتیاط کے ساتھ سبھی چیزوں پر نظر رکھیں۔ کانگریس صدر نے یہ بھی کہا کہ ووٹ شماری کے دن انڈیا اتحاد میں شامل سبھی پارٹیوں کے کیڈر کو خاص احتیاط رکھنا ہوگا اور کسی بھی حال میں ووٹ شماری کا عمل پوری طرح مکمل ہونے سے پہلے ذمہ داران کاؤنٹنگ ہال سے باہر نہ نکلیں۔
کانگریس صدر کھڑگے نے الیکشن کمیشن کے سامنے کچھ باتیں رکھنے کا بھی تذکرہ میڈیا کے سامنے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن سے ملاقات کا وقت طلب کیا گیا ہے، اور جیسے ہی وقت ملے گا انڈیا اتحاد کے لیڈران ان کے پاس جا کر ایک میمورینڈم پیش کریں گے اور مطالبہ کریں گے کہ اس میں شامل نکات پر غور کرتے ہوئے کچھ اہم ہدایات ووٹ شماری میں شامل افسران و اہلکاروں کو دی جائیں۔