نئی دہلی (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): سینئر صحافی رویش کمار نے بدھ کواین ڈی ٹی وی سے استعفیٰ دے دیا ۔ اس سے ایک دن پہلے پرنائے رائے اور ان کی اہلیہ رادھیکا رائے نے این ڈی ٹی وی بورڈ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ رویش کمار کے پروگرام ” ہم لوگ”،” رویش کی رپورٹ”، "دیش کی بات” اور پرائم ٹائم کو غیر معمولی مقبولیت حاصل رہی۔ وہ ان پروگراموں کی میزبانی کرتے تھے۔
حال کے دنوں میں جب ملک کے بیشتر ٹیلی ویژن چینلوں نے سرکار کے سامنے جھکتے ہوئے "سرکاری اعلانچی” کا کردار نبھانے والے میڈیا ہاوس میں خود کو بدلنا شروع کردیا،جب این ڈی ٹی وی نے بے باک صحافت کی اپنی روش پر بڑی حد تک قائم رہنے کی کوشش کی۔ خصوصاً کمزوروں،مظلوموں اور بے بس لوگوں کے حق کی آواز بلند کرنے میں رویش کمار دوسرے تمام سیکولر مزاج صحافیوں سے دو قدم آگے دیکھے گئے۔ خاص طور سے ملک کے مسلمانوں کے درمیان رویش کمار کی شناخت ایسے مسلم دوست صحافی کی بن گئی،جن کے بارے میں بہت سے لوگ از راہِ مذاق یہ بھی کہا کرتے کہ ” اگر خدائے پاک نے کسی غیر مسلم کیلئے جنت کا کوئی دروازہ کھول دیا،تو یقینا اس دروازے سے جنت میں داخل ہونے والی پہلی شخصیت رویش کمار ہی ہوگی”۔
این ڈی ٹی وی گروپ کے صدر سپرنا سنگھ نے کہا، "ایسے بہت کم صحافی ہیں جنہوں نے لوگوں پر اتنا اثر چھوڑا ہے جتنا رویش نے۔
رویش کمار کے چینل چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے، چینل نے ایک اندرونی میل میں کہا کہ ان کا استعفیٰ فوری طور پر موثر ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اب رویش کمار این ڈی ٹی وی کے لیے شو کرتے نظر نہیں آئیں گے۔ رویش کمار کو ان کی صحافت کے لیے دو بار رامناتھ گوئنکا ایکسی لینس ان جرنلزم ایوارڈ اور 2019 میں رامن میگسیسے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
صحافی رویش کمار 5 دسمبر 1974 کو بہار کے مشرقی چمپارن ضلع کے موتیہاری کے ایک چھوٹے سے گاؤں جیتوار پور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم لیولا ہائی اسکول، پٹنہ سے حاصل کی۔ اس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے دہلی آگئے۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا اور بعد میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن سے صحافت میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ حاصل کیا۔
آپ کو بتادیں کہ پرنائے رائے اور رادھیکا رائے کے استعفیٰ کے فوراً بعد کمپنی کے بورڈ میں تین نئے ڈائریکٹرز کی تقرری کی گئی۔ ان میں اڈانی گروپ کے سی ای او سدیپتا بھٹاچاریہ، سنجے پگلیا اور سینتھل سنایاہ چنگلوارائن شامل ہیں۔
این ڈی ٹی وی کی بنیاد 1988 میں پرنوئے رائے اور رادھیکا رائے نے رکھی تھی۔ شروع میں پرنو رائے دوردرشن پر ‘دی ورلڈ اس ویک’ کے نام سے ایک پروگرام لایا کرتے تھے، جس نے ان دنوں کافی مقبولیت حاصل کی۔
تقریباً 11 سال بعد 1998 میں انہوں نے اسٹار نیوز کے ساتھ مل کر ملک کا پہلا 24 گھنٹے نیوز چینل شروع کیا۔ ان دنوں این ڈی ٹی وی اسٹار نیوز کے لیے پروڈکشن کا کام کرتا تھا۔ پھر بی بی سی کا 80 فیصد مواد بھی این ڈی ٹی وی نے تیار کیا۔ بعد ازاں دونوں میڈیا ہاؤسز الگ ہوگئے۔