ہری دوار/دہرا دون (یو این آئی) سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کی باقیات کو پیر کو اتراکھنڈ کے ہری دوار کے چندی گھاٹ کے نیل دھارا میں سپرد آب کردیا گیا۔ آنجہانی یادو کے بیٹے اور پارٹی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو، ان کے خاندان کے پانڈا شیلیش موہن نے رسم ادا کی۔باقیات کے وسرجن کے بعد، اکھلیش نے گنگا میں ڈبکی لگائی اور اپنے والد کی روحانی سکون کے لیے دعا کی۔ اس دوران ملائم سنگھ یادو کے بھائی شیو پال یادو، کزن رام گوپال یادو، ملائم سنگھ کے دوسرے بیٹے پرتیک یادو، بہو ڈمپل یادو، اکھلیش کی بیٹی ٹینا آدیتی، بیٹے ارجن اور دھرمیندر، چچا زاد بھائی دھرمیندر یادو، تیجس پرتاپ یادیو، ، خاندان کے افراد جیسے اکشے یادو، انوراگ یادو، چھوٹو یادو، آدتیہ یادو وغیرہ موجود تھے۔
باقیات کے وسرجن کے دوران اتر پردیش کے تمام اضلاع سے ایم ایل اے، سابق ایم ایل اے، ایم پی اور تمام کارکنان کے علاوہ پارٹی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر ستیہ نارائن سچن، اتراکھنڈ کے ایس پی صدر شمبھو پرساد، گورکھا فرنٹ کے صدر سنجے مالا، اتل شرما وغیرہ نے شرکت کی۔مسٹر اکھلیش تمام کام اور قانونی طریقہ کار سے نمٹنے کے بعد ایک پرائیویٹ طیارے میں سیفئی (اٹاوہ) کے لیے روانہ ہو گئے۔باقیات کے وسرجن کے دوران کارکنوں نے ‘دھرتی پتر ملائم سنگھ امر رہے، نیتا جی امر رہے’ اور ‘زندہ باد’ کے نعرے لگائے۔
قابل ذکر ہے کہ ایس پی کے بانی اور یوپی کے تین بار وزیر اعلیٰ رہنے والے ملائم سنگھ یادو کا 10 اکتوبر کو انتقال ہو گیا تھا۔