ہندو تنظیمیں بغیر اجازت یاترا نکالنے پر بضد، افسران کو اسٹیشن نہ چھوڑنے کا حکم ، مختلف علاقوں میں ڈیوٹی مجسٹریٹ تعینات
نوح (یو این آئی) ہریانہ حکومت نے سروجاتی ہندو مہاپنچایت کی طرف سے برج منڈل جل ابھشیک یاترا 28 اگست کو دوبارہ نکالنے کی اپیل کے پیش نظر نوح میں سیکورٹی سخت کر دی ہے۔وہیں حکومت نے خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹوں کی بنیاد پر اور امن و امان، امن اور ہم آہنگی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے لیے یاترا کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ جہاں ضلع انتظامیہ نے نوح ضلع میں امتناعی احکامات نافذ کیے ہیں وہیں ریاستی حکومت نے احتیاطی اقدام کے طور پر ضلع نوح میں 26 اگست کی دوپہر 12 بجے سے 28 اگست کی رات 11:59 بجے تک انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا ہے۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ضلع کے تمام گزیٹیڈ افسران کو اسٹیشن نہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں ڈیوٹی مجسٹریٹ تعینات کیے گئے ہیں۔ نوح ضلع کے ڈپٹی کمشنر دھیریندر کھڑگٹا نے واضح طور پر کہا ہے کہ علاقے میں ہر قیمت پر امن برقرار رکھا جائے گا۔
دوسری طرف، وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) سمیت کئی ہندو تنظیموں نے کہا کہ 31 جولائی کو مذکورہ شوبھا یاترا ایک برادری کے لوگوں کی طرف سے پتھراؤ اور تشدد کے بعد ادھوری رہ گئی تھی، جسے صرف مکمل کیا جارہاہے۔ کسی بھی مذہب اور برادری کو اپنی مذہبی رسومات یا پروگرام کرنے کا حق حاصل ہے اور اس کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم ہندو تنظیموں نے کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ کو یاترا نکالنے کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کر دیا جائے گا اور یاترا کی نوعیت اور تعداد پر بھی بات چیت کی جا سکتی ہے۔ ہندو تنظیموں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یاترا میں صرف مقامی لوگ ہی شرکت کریں گے اور کوئی باہر کا شخص اس میں شرکت نہیں کرے گا۔ ایسے میں ریاستی حکومت کے لیے اب کشمکش کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے بھی ہندو تنظیموں سے یاترا نہ نکالنے کی اپیل کی ہے۔
CM Manohar Lal Khattar has not given permission to take out Yatra in Nuh/Mewat. pic.twitter.com/tzMgrhRk0P
— زماں (@Delhiite_) August 27, 2023
قبل ازیں، ہریانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) شتروجیت کپور ہندو تنظیموں کے مذکورہ اعلان کے پیش نظر، گزشتہ ہفتہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سرحدی ریاستوں کے سینئر پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کرکے صورت حال سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے مربوط کوشش کی اپیل کرچکے ہیں۔ میٹنگ میں پنجاب، دہلی، اتر پردیش، راجستھان اور مرکز کے زیر انتظام علاقے چنڈی گڑھ کے سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ نوح ضلعی انتظامیہ نے یہاں 3 سے 7 ستمبر تک ہونے والے جی 20 شیرپا گروپ کے اجلاس کے پیش نظر یاترا کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے اور منتظمین کو اس بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔ لیکن ایک بار پھر اطلاعات ہیں کہ ہندو تنظیموں نے ہریانہ اور دیگر پڑوسی ریاستوں کے لوگوں کو 28 اگست کو نوح پہنچنے کی دعوت دی ہے۔
مسٹر کپور نے پڑوسی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے چنڈی گڑھ کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ابھرتی ہوئی صورتحال کے بارے میں خفیہ معلومات شیئر کریں اور اس سے مؤثر طریقے سے نمٹنے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی باقاعدہ نگرانی کریں اور امن میں خلل ڈالنے والوں کے بارے میں معلومات شیئر کریں اور ان کے خلاف کارروائی کرنے اور لوگوں کے کسی بھی قسم کی بھیڑ کو روکنے کے لیے بین ریاستی سرحد پررکاوٹ کھڑی کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 31 جولائی کو یہاں برج منڈل شوبھا یاترا کے دوران فرقہ وارانہ تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ اس دوران ایک برادری کے لوگوں نے اس پر پتھراؤ کیا۔ اس تشدد میں دو ہوم گارڈز سمیت چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ نوح تشدد کا اثر ہریانہ کے گڑگاؤں اور فرید آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی محسوس کیا گیا جہاں آتش زنی اور لڑائی کے واقعات منظر عام پر آئے۔ اس واقعہ کے بعد ضلع انتظامیہ نے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہے، 300 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور تقریباً 150 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ گرفتاری کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ کچھ شرپسندوں کے مکانات کو بھی مسمار کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ تشدد میں ملوث کسی کو بھی بخشنے کے موڈ میں نہیں ہے۔