"پرجا شکتی ڈیموکریٹک پارٹی” کو ریاست میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے متبادل کے طورپر متعارف کرانے کی کوشش
گاندھی نگر (ایجنسیاں) گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ شنکر سنگھ واگھیلا نے اتوار کو اپنی نئی پارٹی پرجا شکتی ڈیموکریٹک پارٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ گجرات انتخابات "پوری طاقت” کے ساتھ لڑیں گے۔ واگھیلاکا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی بی جے پی کے متبادل کے طور پر لڑے گی۔
انتخابی سیاست میں دوبارہ واپس ہونے کے بارے میں اپنے ارادے کا اعلان کرتے ہوئے شنکر سنگھ واگھیلا نے گاندھی نگر میں مقامی میڈیا کو بتایا کہ "لوگ بی جے پی کا متبادل تلاش کر رہے ہیں۔ میرے لیے بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے دروازے بند ہیں، اس لیے میں نے پرجا شکتی ڈیموکریٹک پارٹی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹی ڈیڑھ سال پہلے رجسٹرڈ ہوئی تھی، اب ہمارے پاس ایک پارٹی ہے۔
شنکر سنگھ واگھیلا نے پہلے ہی اپنے فیس بک پیج پر ریاست کے لوگوں سے کئی وعدے کیے ہیں، جن میں سالانہ 12 لاکھ روپے کمانے والے خاندان کے لیے 12 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس کور، ایسے خاندان کے بچوں کو بارہویں جماعت تک مفت تعلیم، نوجوانوں کو روزگار ملنے تک ان کو بے روزگاری الاؤنس، واٹر ٹیکس سے چھوٹ، 100 یونٹ تک مفت بجلی، کسانوں کے قرضوں کی معافی، بجلی کے بلوں میں راحت، نئی سائنسی شراب پالیسی وغیرہ شامل ہیں۔ قومی آواز ڈاٹ کام کے بقول شنکر سنگھ واگھیلا نے ہفتہ کو دہلی میں بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی اور راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے ان سے درخواست کی ہے کہ اگر وہ محسوس کرتے ہیں کہ واگھیلا ایک علاقائی پارٹی شروع کر کے صحیح کام کر رہے ہیں تو ان کی حمایت کریں۔ 2017 میں بھی واگھیلا نے علاقائی پارٹی جن وکلپ کا آغاز کیا تھا اور الیکشن بھی لڑا تھا، لیکن وہ 1 فیصد ووٹ بھی حاصل نہیں کر سکے تھے اور نہ ہی ریاست میں ایک سیٹ جیت سکے۔ حالانکہ انہوں نے خود الیکشن نہیں لڑا۔