لکھنؤ(یواین آئی)نوئیڈا کی ایک سوسائٹی میں خاتون سے بدسلوکی کے الزام میں گرفتاری شری کانت تیاگی کے معاملے میں اپنا نام لئے جانے سے ناراض سماج وادی پارٹی(ایس پی) ایم ایل سی سوامی پرساد موریہ نے نوئیڈا پولیس کمشنر آلوک سنگھ کو قونی نوٹس بھیجتے ہوئے غیر مشروط معافی اور 11.50کروڑ روپئے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔موریہ نے سنگھ سے ہرجانے کو 15دنوں کے اندر دینے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر کریمنل و سول کاروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔
ایس پی لیڈر کے وکیل جے ایس کشیپ نے بھیجی گئی نوٹس میں کہا موریہ ایک معروف سیاسی لیڈر ہیں اور ان کا سماج میں اپنا ایک مقام ہے ۔اور ان کا نام تیاگی کے معاملے میں پیش کر کے ان کی شبیہ کوخراب کی گئی ہے ۔سپریم کورٹ کے وکیل کشیپ نے کہا ہے ‘ میرے موکل نے ایم ایل اے کی حیثیت سے 6بار خدمات انجام دی ہیں۔ وہ یوپی کابینہ میں کابینی وزیر رہنے کے ساتھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر بھی رہے ہیں۔’ آپ نے بغیر کسی ثبوت کے بے بنیاد طریقے سے 9اگست میں اپنی پریس کانفرنس میں میرے موکل کا نام لیتے ہوئے سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ملحوظ رہے کہ نوئیڈا پولیس کمشنر نے گذشتہ منگل کو شری کانت تیاگی کی گرفتار ی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ تیاگی نے بتایا ہے کہ اس کی گاڑی میں لگا ایم ایل اے پاس اسے موریہ نے دلایا ہے ۔
اس حوالے سے ایس پی ایم ایل سی کا دعوی ہے کہ پولیس کمشنر سے ایسا جان بوجھ کر ان کی شبیہ کو خراب کرنے کے لئے کیا ہے ۔نوٹس کے مطابق ‘اس طرح کی بے بنیاد اور حقیقت سے پرے الزام و شبیہ خراب کرنے کی کوشش سے میرا موکل سخت ذہنی الجھنوں و تشدد کا شکار ہوا ہے ۔ مزید برآں یہ کہ ان بے بنیاد الزامات و دعوں کی وجہ سے لگاتار میرا موکل سخت ذہنی ایذارسانیوں سے گذر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کمشنر کے ذریعہ پریس کانفرنس میں دئیے گئے بیان کی وجہ سے میرے موکل کو شبیہ داغدار ہوئی ہے اور یہ کوشش میرے موکل کے سیاسی کیرئیر پر سوالیہ نشان لگا دے گا۔”یہ کہ آپ کی بدنیتی پر مبنی حرکتیں میرے مؤکل کی بدنامی کا باعث بنی ہیں۔ ان کا مقصد میرے مؤکل کے خاندان کے ہر فرد کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا بھی ہے ۔ اس سے میرے مؤکل اور اس کے اہل خانہ کو شدید مشکلات اور تعصب کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کی وجہ سے معاشرے میں میرے مؤکل کی ساکھ اور حیثیت کوشدید نقصان پہنچا ہے ۔
کشیپ نے اپنے موکل کے قانونی نوٹس میں مزید دعوی کیا ہے کہ آپ کے ذریعہ میرے موکل کے خلاف لگائے گئے بے بنیاد الزامات آپ نے ایسی صورت میں لگائے ہیں جبکہ آپ کو معلوم تھا کہ یہ غلط ہیں۔ آپ نے ایسا میرے موکل کو شرمشار کرنے کے لئے کیا اور آپ کی یہ حرکتیں میرے موکل کو ہرجانے دینے کی سول ذمہ داریوں کا جواز پیدا کررہی ہیں۔میرے موکل کے پاس آپ کے خلاف کرینمل قانونی کاروائی کرنے کے پورے حقوق ہیں۔اپنی قانونی نوٹس میں سوامی نے نوئیڈا پولیس کمشنر آلوک سنگھ نے 10کروڑ روپئے شبیہ کو نقصان پہنچانے ،50لاکھ روپئے ذہنی وجسمانی ایذا رسانی، و کنبے کے وقار کو زک پہنچنے و 50ہزار روپئے قانونی چارہ جوئی کے چارج پر خرچ ہونے والی رقم کے طور پر طلب کیا ہے ۔نوٹس کے مطابق موریہ نے سنگھ کو 15دنوں کے اندر یہ رقم انہیں ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
بصورت دیگر کرینمل و سول قانونی چارہ جوئی کا انتباہ شامل ہے ۔قابل ذکر ہے کہ نوئیڈا کی اومیکس سوسائٹی میں ایک خاتون سے بدسلوکی کے ملزم شری کانت تیاگی کی 09اگست کو گرفتاری ہوئی تھی۔ نوئیڈا پولیس نے اس کے قبضے سے ایس یو وی ضبط کی تھی جس پر سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کیاجانے والا ایم ایل اے پاس چسپاں تھا۔اشوک سنگھ نے اپنی پریس کانفرنس میں دعوی کیا تھا کہ تیاگی کے ایس یو وی پر چسپاں پاس سومی پرساد موریہ نے فراہم کرایا ہے ۔