واشنگٹن: امریکی کانگریس کے اسپیکر مک کارتھی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے مواخذے کی دھمکی دے دی ہے ۔امریکی صدر بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے معاملے پر ریپبلکنز کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے اور ان کی جانب سے جو بائیڈن پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے نائب صدارت کے دوران اپنے بیٹے ہنٹر کو فائدہ پہنچایا۔ریپبلکنز کا کہنا ہے کہ جس طرح سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ رویہ اختیار کیا گیا، اس طرح ہنٹر کے ساتھ نہیں اختیار کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ اسپیکر مک کارتھی نے اب کہا ہے کہ ہنٹر کے معاملے میں سچائی تک پہنچنے کا واحد راستہ صدر کا مواخذہ ہے ۔اسپیکر نے کہا امریکی عوام بزنس ڈیلز میں بائیڈن کے کردار سے متعلق جاننا چاہتی ہے ، واضح رہے کہ صدر بائیڈن کے بیٹے ہنٹر کی بزنس ڈیلز سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، ریپبلکنز کا کہنا ہے کہ نائب صدارت کے دوران بائیڈن نے بیٹے کو فائدہ پہنچایا تھا۔مک کارتھی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہنٹر بائیڈن کو الیکشن کے دوران بھی فائدہ پہنچایا گیا تھا اور جو بائیڈن کے امریکی صدر بننے کے بعد بھی وہ مسلسل مالی فوائد حاصل کرتے رہے ہیں۔