نئی دہلی، 18 مئی (یواین آئی) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہر روز جیل کا کھیل کھیلنا بند کرو اور اتوار کے روز تمام بڑے لیڈر بشمول آپ کے ایم پی، ایم ایل اے وغیرہ کو لے کر بی جے پی ہیڈ کوارٹر آ رہا ہوں، آپ سب کو جیل میں ڈال دیجئے ۔
مسٹر کیجریوال نے ہفتہ کو اپنے پرسنل اسسٹنٹ بیبھوکمار کی گرفتاری پر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی اور ملک کے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ یہ لوگ کس طرح عام آدمی پارٹی کے پیچھے پڑگئے ہیں ۔ یہ لوگ ہمارے لیڈروں کو یکے بعد دیگرے جیلوں میں ڈال رہے ہیں۔ راجیہ سبھا ایم پی راگھو چڈھا ابھی لندن سے واپس آئے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ انہیں بھی جیل میں ڈال دیا جائے گا۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ کچھ دنوں بعد مسٹر سوربھ بھاردواج اور محترمہ آتشی کو بھی جیل میں ڈال دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں سوچ رہا تھا کہ ہم ان تمام لوگوں کو جیل میں کیوں ڈالنا چاہتے ہیں۔ ہمارا قصور کیا ہے؟ ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم نے دہلی کے غریب بچوں کے لیے اچھی تعلیم کا انتظام کیا اور سرکاری اسکولوں کو بہترین بنایا۔ یہ لوگ عظیم سرکاری ا سکول نہیں بنا سکتے۔ اس لیے یہ لوگ دہلی میں سرکاری اسکولوں کی تعمیر کو روکنا چاہتے ہیں۔ ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم نے دہلی کے اندر سرکاری اسپتال اور محلہ کلینک بنائے، مفت دوائیوں اور لوگوں کے اچھے علاج کا بندوبست کیا۔ یہ لوگ یہ سب نہیں کرپارہے ہیں۔ اس لیے وہ دہلی کے اسپتالوں اور محلہ کلینک کو بند کرنا چاہتے ہیں۔
مسٹرکیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم آپ یہ جیل-جیل کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ کبھی آپ منیش سسودیا کو، کبھی اروند کیجریوال کو، کبھی سنجے سنگھ کو جیل میں ڈالتے ہیں، کل میں اپنے تمام ایم ایل اے، ایم پی اور بڑے لیڈروں کے ساتھ بی جے پی ہیڈ کوارٹر آ رہا ہوں، جسے آپ جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں، آپ انہیں جیل میں ڈال دیں۔ آپ سمجھتے ہیں کہ اگر آپ ہمارے لیڈروں کو جیل میں ڈال کر عام آدمی پارٹی کو کچل دیں گے تو عام آدمی پارٹی ختم نہیں ہوگی۔ اگر آپ عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو جیل میں ڈالیں گے تو یہ ملک 100 گنا زیادہ لیڈر پیدا کرے گا۔