بانکا(پریس ریلیز)مدارس اسلامیہ دین کے مضبوط قلعے ہیں ،مدارس کے نظام تعلیم وتربیت کو بہتراور مستحکم بنانا ارباب مدارس کی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے ،آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے مطابق قرآن کریم کے سیکھنے اور سکھانے والا سب سے بہترین انسان ہوتا ہے اسلئے تمام ارباب مدارس یہ عزم کریں کہ قرآن کریم مع تجوید کی تعلیم ،الفاظ وحروف کی صحیح ادائیگی اور بچوں کی تعلیم وتربیت کا خاص خیال رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار صدر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار کے صدر مولانا مرغوب الرحمن قاسمی معاون مہتمم جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ نے کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کی شاخ رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار کی ہدایت پررابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع بانکا کی اہم مشاورتی نشست منعقدہ جامعہ عربیہ اسلامیہ ڈمراواں بانکا میںارباب مدارس کو خطاب فرماتے ہوئے کیا۔پٹنہ سے تشریف لائے ہوئے مہمان خصوصی مفتی خالد انور پورنوی مظاہری جنرل سکریٹری رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار واستاذ جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ نے دوران خطاب فرمایا کہ ہر مدرسے کے ذمہ دار اپنی ذمہ داری کو بحسن وخوبی انجام دے اور مدرسے میں صاف صفائی ،پارک وہریالی اور تعلیم وتعلم کا خوش گوار ماحول بنائیں تاکہ باہر سے کوئی بھی مہمان مدرسہ آئے تو ایک اچھا تاثر لیکر جائے ۔واضح رہے کہ مشاورتی نشست کی صدارت رابطہ مدارس اسلامیہ ضلع بانکاکے صدر قاری نظام الدین قاسمی مہتمم مدرسہ منبع المعارف قمریہ بنسی پور ،بونسی نے فرمائی اور نظامت کے فرائض رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع بانکا کے جنرل سکریٹری مولانا یسین رحمانی صدر مدرس مدرسہ مصباح العلوم اہرو چلنا آٹھگاواں نے بحسن وخوبی انجام دئیے ۔ اس مشاورتی نشست میںایجنڈا کے مطابق سابقہ کارروائی کی خواندگی مولانامحمد شاہد انورقاسمی سکریٹری رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع بانکانے پیش کیا۔ بعد ازاں اتفاق رائے سے یکساں نصاب تعلیم اور اجتماعی امتحان سالانہ 2023کا فیصلہ لیاگیا،دو مراکز امتحان کا انتخاب ہوا اور امتحان بورڈ کی تشکیل عمل میں آئی ،امتحان بورڈ میں صدر وسکریٹری کے بشمول سات افراد کا انتخاب ہوا ۔ رمضان المبارک کے اوقات وسحر افطار میں یکسانیت ،مدارس اسلامیہ کے درپیش چیلینجیز، دور حاضر کے فتنوں کا تعاقب جیسے عناوین پر اہم فیصلے لئے گئے،صدر رابطہ مولانا مرغوب الرحمن قاسمی کی رقت آمیز دعا پر نشست اختتام پذیر ہوئی۔بعد ازاں جامعہ عربیہ اسلامیہ ڈمراواں بانکا کے ناظم مولانا محمد ارشد قاسمی نے تمام مہمانوںکا شکریہ ادا کیا اور بعد نماز ظہر بہترین ضیافت فرمائی۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں مولانا امجد نعمانی ،مولانا حیدر واساتذہ وطلبہ جامعہ نے بھرپور تعاون پیش کیا ، اس موقع پر بطور خاص نائب صدور مولانا محمد شاہنواز قاسمی صدر مدرس مدرسہ خیر المسلمین ڈھوا ،مفتی سراج الدین قاسمی مدرسہ حسینہ جامع مسجد باراہاٹ ،مولانا یونس شمسی مہتمم جامعہ دارالقرآن رین گاؤں ،مولانا عرفان قیصر قاسمی،مولانا مسلم نعمانی ،مفتی اقبال قاسمی ،مفتی مظہر الحق قاسمی ،مولانا ریاض الدین قاسمی ، مولانا غفران قاسمی ،مولانا انصار قاسمی ،مولانا نوشاد نعمانی، حافظ مصباح الحق،مولانا ثناء الحق ،مولانا محمد کلیم الدین ،حافظ اصحاب ودیگر ارباب مدارس شریک ہوئے۔