ہریانہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے غلط اقدام کر رہی ہے: آفتاب احمد
میوات(محمد مبارک میواتی)۔ نوح کے ایم ایل اے اور کانگریس پارٹی کے ڈپٹی لیڈر چودھری آفتاب احمد کو نلہر گاؤں کے تقریباً ایک درجن لوگوں نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ نے آج ہی بیک ڈیٹ نوٹس دے کر درجنوں مکانات کو زمین بوس کر دیا ہے۔ معلومات کے مطابق محکمہ جنگلات نے جمعہ کو ہی ایک ماہ پرانی تاریخ پر نوٹس دے کر مکانات مسمار کیے، لوگوں نے بتایا کہ نوح شہر میں بھی کئی مقامات پر مکانات اور دکانیں مسمار کی گئی ہیں۔ اسی طرح کی کارروائی کل نوح ضلع کے تاؤڑو میں بھی دیکھی گئی۔ ایم ایل اے آفتاب احمد نے اس معاملے میں ضلع نوح کے ڈپٹی کمشنر پولیس کیپٹن سے ملاقات کی اور ایسی غیر قانونی کارروائی نہ کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ اسے روکا جائے۔ تاہم ضلع انتظامیہ نے ایم ایل اے کو کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔ اس دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایم ایل اے آفتاب احمد نے واضح طور پر کہا کہ ریاستی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے اس طرح کی غلط کارروائی کر رہی ہے۔ غریبوں کے سروں پر سے چھت اکھاڑ پھینکنے کا کام بی جے پی جے جے پی حکومت میں ہو رہا ہے۔ پہلے بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرنے اور اب غریبوں کے گھر اور دکانیں گرانے کا عمل غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں اور انصاف کے لیے ہر قانونی جنگ لڑیں گے۔