بارہ بنکی/دہلی(ابوشحمہ انصاری)ورلڈ اردو ایسوسی ایشن، نئی دہلی کی طرف سےایک آن لائن پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان ’’ عہد حاضر میں ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت اور افادیت ‘‘تھا۔ اس آن لائن سیشن میں مقرر خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر سید تقی عابدی، کناڈا نے شرکت۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب نصر ملک، ڈنمارک نے ، جب کہ صدر کی حیثیت سے پروفیسر شہاب عنایت ملک نے شرکت کی ۔
استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے عہد حاضر میں ڈیجٹیل میڈیا کی اہمیت و افادیت پر بھرپور روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ’’ چیٹ پی پی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس‘‘آج کے دور کی پیدا وار ہے۔اردو والوں کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ چوں کہ یہ ایک سوفٹ ویئر ہے۔ سرچ انجن کے پاس جتنا زیادہ مواد ہوگا، چیٹ پی پی ٹی اس کا جواب بہتر طور پر دینے کا اہل ہوگا۔ مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن ، نئی دہلی ایک ورکشاپ کا اہتمام کرے تاکہ چیٹ پی پی ٹی سے اردو والے بہتر طور پر واقف ہوسکے۔
مقرر خصوصی ڈاکٹر سید تقی عابدی نے اپنے توسیعی خطاب میں ’’ ڈیجیٹل میڈیا ‘‘ کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اس جانب خاص توجہ دینےکی ضرورت ہے، کیوں کہ قدیم دور میں معلومات کے لیے میلوں کا سفر طے کرنا پڑتا تھا مگر اب سب کچھ اسکرین پر موجود ہے۔ اس لیے اردو ادب کو جدید وسائل سے مالا مال کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ اس تہذیبی زبان تک سب کی رسائی آسانی سے ہوسکے۔ اگر جدید وسائل کی فراہمی ہوگی تو اردو کے طالب علموں کے لیے جاب بھی مارکیٹ میں آئیں گے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو برادری ٹکنالوجی اور پروفیشنل کورسیسز کے ذریعے اردو زبان کے لیے کام کریں۔
مہمان خصوصی جناب نصر ملک نے اپنے خطاب میں ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پوری دنیا میں موجود مہجور کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا کام ورلڈ اردو ایسوسی ایشن نے کیا ہے۔ چوں کہ موضوع کی مناسبت سے ڈاکٹر تقی عابدی نے بہت معلوماتی لکچر دیاہے اس لیے ’چیٹ پی پی ٹی ‘ کے خدشات کو بھی مد نظر رکھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پروفیسر شہاب عنایت ملک، شعبۂ اردو جموں یونیوسٹی، جموں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن نے ڈیجیٹل دنیا میں ایک انقلاب برپا کر دیا ہے۔ ہم لوگ مسلسل اس سے استفادہ کررہے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے لیے نیک خواہشات۔ ساتھ ہی انہوں نے مہمان مقرر کے خطاب کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہ مبارک بادی پیش کی۔نظامت کے فرائض ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کے ڈایکٹر ڈاکٹر محمد رکن الدین نے انجام دیا۔ اس آن لائن سیشن میں بڑی تعداد میں اردو کے اساتذہ، ریسرچ ا سکالرس اور طلبا و طالبات نے شر کت کی۔