متھرا (یو این آئی) اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کی جانب سے 6 دسمبر کو شاہی مسجد عیدگاہ میں ہنومان چالیسہ پڑھنے کے اعلان کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے سکیورٹی کے وسیع انتظامات کئے ہیں۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیلیش پانڈے نے کہا کہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور دفعہ 144 کو توڑنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے 25 کارکنوں پر تعزیرات ہند کی دفعہ 107/116 کے تحت پابندی لگائی گئی ہے۔ اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے قومی صدر راجیہ شری نے 6 دسمبر کو متنازعہ ڈھانچے میں ہنومان چالیسہ پڑھنے کا اعلان کیا ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ چوکس ہو گئی ہے۔
اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے قومی نائب صدر انیل ترپاٹھی نے کہا کہ وہ متنازعہ ڈھانچے میں ہنومان چالیسہ پڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن اگر انتظامیہ انہیں ایسا کرنے سے روکتی ہے تو وہ وہیں ہنومان چالیسہ پڑھیں گے جہاں انہیں روکا جائے گا۔ضلع انتظامیہ نے اشتعال انگیز پوسٹ کرنے پر دو افراد کے خلاف پہلے ہی سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ہندو مہاسبھا نے 06 دسمبر 2021 کو متنازعہ ڈھانچے میں جل ابھیشیک کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ضلع انتظامیہ نے اس وقت اسے ناکام بنا دیا۔دوسری طرف، سابق سی ایل پی لیڈر اتر پردیش قانون ساز اسمبلی پردیپ ماتھر نے مہاسبھا کے اعلان کردہ پروگرام کی سخت تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متھرا کا ماحول کو بگاڑنے نہیں دیا جائے گا۔