ادھم سنگھ نگر(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): اتراکھنڈ کے ادھم سنگھ نگر کے کاشی پور میں پولیس اور مجرموں کے درمیان تصادم میں بی جے پی لیڈر گرتاج بھولر کی بیوی ماری گئی۔ اس واقعہ کے بعد ریاست میں ایک بڑا ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک گولی بی جے پی رہنما گرتاج بھلر کی اہلیہ گرپریت کور کو لگی جس کے بعد وہ اسپتال میں دم توڑ گئیں۔ اس واقعہ سے ناراض لوگوں نے بدھ کی شام جس پور ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ پولیس نے اس معاملے میں 10-12 نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے مراد آباد ضلع کے ٹھاکردوارا تھانے کی پولیس بدھ کی شام تقریباً 6 بجے دو گاڑیوں میں بھرت پور گاؤں پہنچی تھی۔ سادہ وردی میں پولیس اہلکار جس پور سینئر بلاک ڈپٹی چیف گرتاج بھلر کے گھر پہنچے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اتر پردیش پولس کو اطلاع ملی تھی کہ دلاری علاقے کے کنکرکھیڑا کا رہنے والا انعامی بدمعاش، گرتاج بھولر کے گھر میں ہے۔
جیسے ہی اتر پردیش پولیس کی ٹیم نے ملزم کی تلاش شروع کی تو بھلر اور پولیس والوں کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔ جس کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ شروع ہو گئی۔
اس فائرنگ میں گرتاج کی بیوی گرپریت کور کو گولی لگی۔ اس کے بعد اسے مراد آباد روڈ پر واقع ایک پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
گرپریت کی موت کی اطلاع ملتے ہی لوگ مشتعل ہوگئے اور کنڈا پولیس اسٹیشن کے سامنے جس پور ہائی وے کو بلاک کردیا۔ کئی لیڈران بھی ان کے ساتھ دھرنے پر بیٹھ گئے۔ یہ جام رات 11 بجے تک جاری رہا، جب کماؤن کے ڈی آئی جی نیلیش آنند بھرنے نے اتر پردیش کے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔
متوفی گرپریت کور کی آخری رسومات جمعرات کی صبح ادا کی گئیں۔
اتراکھنڈ پولیس کے ترجمان اور اے ڈی جی وی مروگیشن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ مقتول کے رشتہ داروں کی تحریر کی بنیاد پر 10-12 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کی بنیاد پر تحقیقات کی جائیں گی اور قصورواروں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اتر پردیش پولیس کے چار افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اوروہ اتراکھنڈ پولیس کی نگرانی میں ہے۔ تحقیقات کے بعد پتہ چلے گا کہ اس کیس میں ان کا کیا کردار تھا۔پولس ترجمان نے یہ بھی کہا کہ کماؤ کے ڈی آئی جی اور ادھم سنگھ نگر ایس ایس پی اتر پردیش پولیس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ اے ڈی جی مروگیشن نے بھی بتایا کہ حالات قابو میں ہیں ۔