نئی دہلی: دہلی میں جمنا ندی کے پانی کی سطح ایک بار پھر خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی ہے۔ خبروں کے مطابق اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں شدید بارشوں کے درمیان ہتھنی کنڈ بیراج سے چھوڑے جانے والے پانی کی وجہ سے اتوار کو دریائے یمنا کی سطح آب میں اضافہ ہوا۔ جانکاروں کا یہ بھی ماننا ہے کہ یمنا میں پانی کی سطح مزید بڑھے گی۔ ادھرپی ٹی آئی نے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کرنے میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔
قبل ازیں دہلی کی وزیر محصولات آتشی نے ہفتہ کو کہا تھا کہ ہتھنی کنڈ بیراج سے دو لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کے بعد دہلی حکومت ہائی الرٹ پر ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 13 جولائی کو یہ 208.66 میٹر تک پہنچ گئی تھی جو اب تک کی بلند ترین سطح تھی۔ اس وقت آئی ٹی او، سپریم کورٹ، راج گھاٹ، کشمیری گیٹ جیسے کئی اہم علاقے پانی میں ڈوب گئے تھے۔
بعض میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ کی رات 10 بجے سے اتوار کی صبح 9 بجے کے درمیان پانی کی سطح 205.02 میٹر سے بڑھ کر 205.96 میٹر ہوگئی ہے۔ آج کی شام اس کے 206.7 میٹر تک پہنچنے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 25 جولائی تک موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔