اورنگ آباد(پریس ریلیز) ۔ شان ملت بیرسٹر عمر کمال فاروقی کے استقبال اور ان سے رہنمائی حاصل کرنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے ۔ بالخصوص مراٹھواڑہ کے تعلیمی اداروں کے ذمہ داران زیر تعلیم طلباء وطالبات کی رہنمائی کے لئے عمر کمال فاروقی کو مدعو کررہے ہیں ۔ لیکن عمر کمال فاروقی نے اپنی استقبالیہ تقاریب کو صرف استقبال تک محدود نہ رکھتے ہوئے ان کے توسط سے اپنے اصل مقصد ’’مشن ایجوکیشن ‘‘ کو بھی عملی جامہ پہنارہے ہیں ۔ گذشتہ روز پرتور اور بدناپور میں بیرسٹر عمر کمال فاروقی کے استقبالیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ تاکہ مقامی طلبہ کی تعلیمی رہنمائی ہو سکے اور طلبہ کو بھی عمر کمال فاروقی کی طرح ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے ، کامیابی حاصل کرنے کی تحریک و ترغیب مل سکے ۔ بدناپور میں وہاں کے کونسلر سید عمران کی جانب سے بیرسٹر عمر کمال فاروقی کو مدعو کیا گیا تھا ۔ یہاں استقبال کے ساتھ ساتھ عمر کمال فاروقی نے تعلیم کو کس طرح فروغ دیا جائے ، نئی نسل کو کن کن کورسیس میں مستقبل سنوارنے کے مواقع دستیاب ہیں ، اس تعلق سے طلبہ ،والدین اور مقامی شہریان کی رہنمائی کی۔
علاوہ ازیں پرتور میں واقع النور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت جاری ظہور اردو پرائمری اسکول اور چوک میں تمام سیاسی پارٹیوں اور سوشل ورکرس کی جانب سے بیرسٹر عمر کمال فاروقی کا استقبال کیا گیا ۔ اس پروقار تقریب کی صدارت حافظ عقیل قریشی نے کی ۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ ظہور قادری، سید وسیم، ڈاکٹر منیر قادری ، ایڈوکیٹ مجاہد ، صادق خطیب، علی چاؤش ضیاء سوداگر، فیضان فاروقی اور مرزا داؤد آزاد خصوصی طور پر موجود تھے ۔پرنسپل شاکر سر نے استقبالیہ تقریب میں نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ ظہور قادری نے واضح کیا کہ انہوں نے کن کن مصیبتوں سے تعلیم حاصل کی۔ اردو کو فروغ دینے اور اردو طلبہ کو قومی دھارے میں لانے کی خاطر کیسی کیسی مشکلات کا سامنا کیا ۔ انہوں نے تعلیم پر زور دیا ۔ اپنی مخاطبت میں بیرسٹر عمر کمال فاروقی نے کہا آج کے دور میں ایجوکیشن کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں ہے ۔ تعلیم حاصل کرنا لازمی ہے ۔ انہوں نے والدین اور تمام سوشل ورکرس کو تلقین کی کہ بچوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم دلائیں ۔ مشن ایجوکیشن کو فروغ دیں ۔ پرتور نے تین مسلم ججیز دیئے ہیں، یہ بات ہم سبھی کے لئے باعث افتخار ہے ۔ آج کے پرآشوب دور میں ہمارے نوجوانوں کو قانون کی تعلیم حاصل کرنے پر زور دینا ضروری ہے ۔ لاء ایجوکیشن کے ذریعہ حق و انصاف کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی عمر کمال فاروقی نے اورنگ آباد نام تبدیلی کے خلاف زیادہ سے زیادہ اعتراضات داخل کرنے کی اپیل بھی کی ۔ ان تقاریب میں کثیر تعداد میں مقامی ساکنان شریک رہے اور بیرسٹر عمر کمال فاروقی کا والہانہ استقبال کیا ۔ ان کی باتوں کو بغور سنا ۔