اس کے باوجود چار اضلاع میں بارانِ رحمت کی کمی
جے پور (یو این آئی) راجستھان میں مانسون کی اچھی بارشیں جاری ہیں اور اب تک ریاست میں اوسط عام بارش کے مقابلے 50 فیصد سے زیادہ بارش ہوئی ہے، لیکن چار اضلاع ادے پور، بانسواڑہ، ڈنگر پور اور پرتاپ گڑھ میں اب بھی بارش کی کمی ہے۔راجدھانی جے پور سمیت ریاست کے مختلف مقامات پر مانسون کی اچھی بارش ہو رہی ہے اور محکمہ موسمیات نے پیر کو ڈنگر پور، سروہی اور ادے پور میں بہت زیادہ اور باڑمیر، جالور اور پرتاپ گڑھ اضلاع میں بھاری بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔
محکمہ آبی وسائل کے مطابق ریاست میں یکم جون سے اب تک 504.19 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو کہ 355.11 ملی میٹر کی اوسط بارش سے 50.46 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم، 30 ستمبر تک پورے برساتی موسم میں اوسط عام بارش کا تخمینہ 417.46 ملی میٹر ہے۔ اب تک ریاست میں 86.73 ملی میٹر بارش پورے سال کے اندازے سے زیادہ ہو چکی ہے اور مانسون ابھی بھی سرگرم ہے۔
اس دوران ریاست کے پھلودی ضلع میں عام بارش کا 190.89 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پھلودی میں اب تک معمول کی 158.31 ملی میٹر کے مقابلے میں 460.51 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، جب کہ ریاست میں سب سے کم بارش، معمول سے 25.46 فیصد کم، ڈنگر پور ضلع میں ہوئی ہے، جہاں 548.77 ملی میٹر کے بجائے اب تک 409.06 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
ریاست کے 23 اضلاع: اجمیر، الور، انوپ گڑھ، بلوترا، بیاور، بیکانیر، بنڈی، چورو، دوسہ، ڈیگ، دھول پور، ڈیڈوانہ-کچامن، دودو، گنگاپور سٹی، جے پور، جے پور رورل، جیسلمیر، جودھ پور دیہی، کرولی، ناگور ، پھلودی، سوائی مادھوپور اور ٹونک میں اب تک بہت زیادہ (غیر معمولی) بارش ہوئی ہے اور سولہ اضلاع بارن، باڑمیر، بھرت پور، گنگا نگر، ہنومان گڑھ، جھنجھونو، جودھ پور، کیکڑی، کھیتری-تیجارا، کوٹہ، کوٹ پٹلی-نیم کٹلی، پہروڑ، راجسمند، شاہ پورہ اور سیکر میں اب تک معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے جبکہ سات اضلاع بھیلواڑہ، چتور گڑھ، جالور، جھالاواڑ، سانچور، سروہی اور ادے پور میں معمول کی بارش ہوئی ہے۔
اس بار اچھی بارش کے باوجود ریاست کے بانسواڑہ، ڈنگر پور، پرتاپ گڑھ اور سلمبور میں بارش کی کمی ہے، جہاں سب سے زیادہ کمی والے ڈنگر پور ضلع کے علاوہ اودے پور ڈویژن کے سلمبور ضلع میں اب تک 24.79 فیصد کم بارش ہوئی ہے جبکہ بانسواڑہ میں معمول کی بارش میں 22.71 فیصد کمی ہے اور پرتاپ گڑھ میں بارش کی 19.46 فیصد کمی ہے۔
اچھی بارشوں کی وجہ سے ریاست کے 691 چھوٹے اور بڑے ڈیموں میں سے اب تک 209 باندھ بالکل بھر چکے ہیں جبکہ 338 ڈیم جزوی طور پر بھر چکے ہیں۔ ان کی مجمعوعی گنجائش 12900.82 ایم کیو ایم کے مقابلے میں اب تک ڈیموں میں 8152.48 ایم کیو ایم پانی موجود ہے جو کہ گنجائش کا 63.19 فیصد ہے۔ ٹونک ضلع میں واقع بسل پور ڈیم کے پانی کی سطح جو جے پور سمیت کئی اضلاع کو پینے کا پانی فراہم کرتی ہے، بھی بڑھ کر 313.51 آر ایل میٹر ہو گئی ہے۔