لکھنؤ 5 ستمبر(یواین آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے جمعہ کو اپنی گاڑی کا یوپی پولیس کے ذریعہ آٹھ لاکھ روپئے کا چالان کئے جانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ یوپی پولیس وصولی پر آمادہ ہے اور حکومت سہولیات کے نام پر کچھ نہیں دینا چاہتی ۔
یوم اساتذہ پر جمعہ کو پارٹی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اکھلیش نے ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشن کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو پہچان بنائی ہے آنے والے دنوں میں سماج وادی حکومت بننے پر کوالٹی آف ایجوکیشن اور روزگار پر توجہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت سماج، تعلیم اور اساتذہ کو برباد کررہی ہے ۔ حکومت لوگوں کو پڑھانے نہیں دینا چاہتی ہے۔ سماج پڑھے گا تو دلیل دے گا تعلیم سے خود اعتمادی بڑھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جےپی کے لوگ پورا سسٹم چلار ہے ہیں۔ سرکار عوام سے وصولی کررہی ہے۔ سہولیا ت نہیں دے رہی ہے۔لیکن جم کر ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔ایس پی سربراہ نے دعوی کیا کہ میری گاڑی کا آگرہ ایکسپرس وے پر اوور اسپیڈنگ کی وجہ آٹھ لاکھ روپئے کا چالان کردیا گیا۔ حکومت کی طرف سے جو گاڑی ہمیں دی گئی ہے وہ چلنے کی حالت میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں سماجو ادی حکومت بننے پر وہ بھی گاڑی ڈھونڈھیں گے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ نوکری بی جےپی کے ایجنڈے میں نہیں ہے۔ ایسا نہیں رہتا تو 69000 ٹیچر بھرتی کے امیدواروں کو تحریک نہیں چلانی پڑتی۔ اسکول بند نہ کرنے پڑتے۔ پرتاپ گرھ میں ڈیفارما کا فرضی کورس چلانے والے کو جیل میں ڈال دیا گیا جبکہ وہ بی جےپی کا قریبی ہے۔گذشتہ دنوں اے بی وی پی پر ہوئی لاٹھی چارج کے حوالے سے پوچھے جانے پر اکھلیش یادو نے کہا کہ اے بی وی پی کی پٹائی کا ویڈیو دیکھ کر تکلیف ہورہی ہے۔ یہ پریشد اور واہنی کی لڑائی ہے۔ انہوں نے اس دوران وزیر اعلی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نہ جانے کتنے لوگوں کا حق مار کر کرسی پر بیٹھے ہیں۔ جبکہ وہ بی جےپی کے رکن بھی نہیں ہیں۔
اوم پرکاش راج بھر کی رہائش گاہ پر ہوئے مظاہرے کے حوالے و سنجے نشاد کے اتحاد توڑنے والے بیان پر اکھلیش یادو نے کہا کہ وہ اس معاملے میں بول کر اہمیت نہیں بڑھانا چاہتے۔ بصورت دیگر وہ اس کی قیمت وصول کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اندر تھوڑی بھی غیرت ہے تو غور کریں۔ اس دوران اکھلیش نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پنچایتی راج سے ہٹ کر پی ڈبلیو ڈی لے لیں۔اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ آج سے محض 493 دن باقی ہیں۔ اس بار وہ ووٹ نہیں بڑھنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ’انتخابی تکڑی‘ ہے۔ ’جگاڑ آیوگ‘ کے ذریعہ یہ سارا کام کرتے ہیں۔انہوں نے جی ایس ٹی کی شرحوں میں تبدیلی پر کہا کہ یہ سب الیکشن دیکھ کر کیا گیا ہے۔ منافع خوری کم نہیں ہورہی ہے۔ ٹرمپ کے ٹیرف نے بی جے پی کے لوگوں کے منھ پر تالا لگا دیا ہے۔ میک ان انڈیا کی بات کرنے والے لوگ ہمارے بازاروں میں چین کا مال بھر دے رہے ہیں۔ چین کا سامان ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ کو پوری طرح ختم کردے گا۔ آج پورا بازار چائنا مال سے بھرا پڑا ہے۔
اس دوران بی جے پی ایم ایل اے کیتکی سنگھ کے ٹوٹی چور والے بیان پر انہوں نے کہا کہ میرے اوپر ٹوٹی چور ہونے کا الزام لگایا گیا۔ میرے گھا کو گنگا جل سے صاف کیا گیا۔ بی جے پی بھلے ہی اس بات کو بھول جائے لیکن میں نہیں بھول سکتا۔ انہوں نے اس کے لئے وزیر اعلی کے صلاح کار اونیش اوستھی کو اس کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا۔