واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکہ کی ریاست کینٹکی کے گورنر کا کہنا ہے کہ لوئی ول کے ایئرپورٹ سے اڑان بھرتے ہوئے کوریئر کمپنی یو پی ایس کا کارگو طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق طیارہ لوئی ول کے محمد علی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھر رہا تھا جب حادثہ پیش آیا۔ اس واقعے میں 11 دیگر افراد بھی زخمی ہیں۔
کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیئر کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں طیارے کے عملے کے تین افراد کے شامل ہونے کا امکان ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس نے بھی حادثے کی تصاویر اور ویڈیو دیکھی ہے وہ جانتا ہے کہ یہ حادثہ کتنا خوفناک تھا۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔یو پی ایس کی پرواز 2976 ہونولولو، ہوائی کے لیے 38,000 گیلن (144,000 لیٹر) ایندھن لے کر روانہ ہوئی تھی جب یہ لوئی ول میں رن وے سے پھسل کر قریبی عمارتوں سے جا ٹکرائی۔ طیارہ کے گرنے کے بعد آسمان پر سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس نے کم از کم دو قریبی کاروباروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جن میں ایک پٹرولیم ری سائیکلنگ کمپنی بھی شامل ہے۔مزید ممکنہ دھماکوں اور فضائی آلودگی کے خدشات کے پیش نظر ابتدائی طور پر ہوائی اڈے کے پانچ میل کے اطراف میں مقیم لوگوں کو پناہ گاہوں میں جانے کا حکم جاری کیا گیا تھا لیکن بعد میں اس حد کو کم کر کے ایک میل کر دیا گیا۔












