نئی دہلی، 03 نومبر (یو این آئی) دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کے روز کہا کہ دارالحکومت میں آلودگی پر قابو پانے کے معاملے میں کسی بھی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔محترمہ گپتا کی صدارت میں آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں دہلی میں فضائی آلودگی کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ دنوں میں جنگی بنیادوں پر کام تیز کرنے کے احکامات دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی کے خلاف طویل لڑائی لڑنی تو ہوگی ہی، لیکن فوری طور پر آلودگی کو قابو میں لانے کے لیے اٹھائے جا رہے مسلسل اور مؤثر اقدامات کو بھی مزید تیز کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت آلودگی پر قابو پانے کے لیے ایمرجنسی مشن کی طرح کام کر رہی ہے۔ متعلقہ محکموں کو حکم دیا گیا ہے کہ اگلے 72 گھنٹوں کے اندر تمام سڑکوں پر گڈھوں کی نشاندہی کرکے انہیں بھر دیا جائے۔ سڑکوں کی دیکھ بھال کرنے والے محکموں کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کوئی بھی سڑک ٹوٹی ہوئی نہیں رہنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے اس پر گہری ناراضگی ظاہر کی کہ کچھ محکمے آلودگی کو لے کر اپنی ذمہ داری نبھانے میں لاپروائی برت رہے ہیں۔ انہوں نے اجلاس میں ہی ڈی پی سی سی کے حکام کو حکم دیا کہ آلودگی اور صفائی کے معاملے میں کوتاہی برتنے والے سرکاری محکموں کے خلاف چالان کاٹا جائے۔ انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ بغیر اجازت روڈ کٹنگ کرنے اور اسے نہ بھرنے والے سرکاری اداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کوتاہی کے لیے متعلقہ محکمے کے سربراہ کو ذمہ دار مانا جائے گا۔ انہوں نے واضح کہا کہ کسی بھی ایجنسی، خواہ سرکاری ہو یا نجی، کو نہیں بخشا جائے گا۔ آلودگی کے خلاف جنگی سطح پر کام کرنا ہوگا اور اس میں حکومت، مختلف محکموں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی حصہ لینا ہوگا۔
انہوں نے پی ڈبلیو ڈی کو حکم دیا ہے کہ اپنی تحویل میں موجود 1400 کلومیٹر سڑکوں میں تمام گڈھوں کی نشاندہی کرکے انہیں کم سے کم وقت میں درست کیا جائے۔ ڈی ڈی اے کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی سڑکوں پر صفائی کا نظام مضبوط رکھے، اپنی خالی زمینوں سے کوڑا فوراً ہٹائے اور اپنی مارکیٹوں کو فوری طور پر ایم سی ڈی کے حوالے کرے تاکہ وہاں صفائی مہم مناسب طور پر جاری رہے۔ اجلاس میں دہلی میٹرو کو واضح طور پر کہا گیا کہ وہ اپنی ایلیویٹیڈ لائنوں کے نیچے کی سڑکوں کو فوری طور پر درست کرے اور دھول کنٹرول کے مؤثر انتظامات کرے۔
ماحولیات کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے بتایا کہ "311 گرین ایپ” کو ایک نوڈل پلیٹ فارم کے طور پر مزید مضبوط کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے گرین وار روم سے گڈھوں، براؤن ایریاز اور ڈسٹ ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چھ مہینوں کے لیے ایک جامع ورک پلان تیار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت دھول اڑنے والے "براؤن ایریا” کی نشاندہی کرکے وہاں دھول سے پاک اور سبز اقدامات نافذ کیے جائیں گے۔












