پٹنہ(پریس ریلیز) جمعیت علماء ہند،بہار (ارشد گروپ) اور ڈاکٹر امبیڈکر کلیان چھاترواس‘مہندرو،پٹنہ کے مشترکہ زیر اہتمام آج ہاسٹل ہٰذا کے احاطے میںڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر اجتماعی دعوت افطارکا انعقاد کیا گیا جس میں دلت مسلم اتحاد کا حسین منظر دیکھنے کو ملا۔ اس موقع دلت مسلم طلبہ ، پروفیسر،ڈاکٹر ،ایڈووکیٹ حضرات،عمائدین شہر اور ہندو مسلم عوام کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔رمضان المبارک کے اس آخری اور پر فضیلت عشرے میں منعقدہ افطار کی اس مجلس میں جہاں سبھی لوگوں نے ایک ساتھ بیٹھ کر افطار کیا وہیںرمضان کے مقدس کی اہمیت اور روزے کی افادیت کے پیش نظر دلت اور بعض دیگر برادران وطن دانشوروں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہاکہ افطار کے اس مبارک موقع پر گنگاجمنی تہذیب کی بہترین مثال دیکھنے کو ملی جسے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ بعض دانشوروںنے کہا کہ غیرمسلم ہونے کے باوجود وہ پورے ماہ افطار سے لطف اندوز ہوتے ہیںاور رمضان اور روزے کی اہمیت و روحانیت محسوس کرتے ہیں۔ان کا خیال تھا کہ سحری کے اوقات کا انہیں انداز ہ نہیںہوتا اس لئے سحری کرنے کاموقع نہیںملتا مگر دعوت افطار سے وہ ضرور محظوظ ہوتے ہیں۔ ان دانشوروں نے یہ بھی کہاکہ جہاں سارے ملک میںنفرت کا ماحول بنایاجارہا ہے ایسے ماحول میں اس طرح کی دعوت افطار کا اہتمام دلت اور مسلم کوقریب لا نے ایک اچھی پہل ہے جو بہار اور ملک کی دیگر ریاستوں میں دلت مسلم اتحاد کو پروان چڑھانے میںمعاون ثابت ہوگی جس سے ملک میں سیاسی یطہیر کا عمل ممکن ہو سکے گا ۔واضح رہے کہ اس دعوت افطار کے اہتمام و انعقاد میں ڈاکٹر فیض احمد قادری(جنرل سکریٹری،جمعیت علماء، بہار)،ڈاکٹر نیاز خالد(صدر-جمعیت علماء،بلاک ‘ پٹنہ صدر)، محمد عارف انصاری(جنرل سکریٹری-آل انڈیا مومن کانفرنس)، ایڈووکیٹ امر آزاد( دلت یو تھ رہنماء)، وِپُل پِریہ درشی(چھاتر پردھان)منٹو پاسوان( دلت یوتھ رہنما)اور پون کمار(چھاتر پردھان) نے کلیدی کردار ادا کئے۔افطار سے قبل ڈاکٹرنورالسلام ندوی نے رمضان کی فضیلت اور روزے کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی نیز عبادات کی قبولیت کے ساتھ ملک و صوبے میں سماجی و قومی ہم آہنگی و بھائی چارہ اور امن و آشتی کے لئے دعاء کی گئی۔ افطار کے بعد وہیںمغرب کی نماز ادا کی گئی۔اس موقع پرایڈووکیٹ شاہد احمد، مسٹر گوتم، شمیم الحق،عارف اقبال ، قاری عبدالاحد،ارشد متین و دیگر حضرات خصوصی طور سے شریک ہوئے۔