نئی دہلی (یو این آئی/ایجنسیاں) دارالحکومت دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں منگل کو فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خراب ریکارڈ کی گئی۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق، آج صبح 8.30 بجے دہلی میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی سنگین رہی۔ کئی علاقوں میں ہوا کے معیار کی سطح 400 ریکارڈ کی گئی۔ وہیں نریلا میں اے کیو آئی 571 کی خطرناک سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئی ٹی او پر اے کیو آئی 441، راج پتھ پر 417 اور مندر مارگ میں 352 تھا۔ دریں اثنا، فصل کی کٹائی کے بعد پرالی جلانے کے معاملات میں اضافہ فضائی آلودگی کی سطح کو بڑھا سکتا ہے۔
آلودگی کی سطح بڑھنے سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ دہلی اور این سی آر میں تین دنوں سے اسموگ اور دھند کی ایک تہہ نظر آرہی ہے اور فی الحال راحت کی کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے۔
ہوا کے معیار میں گزشتہ روز سے کوئی بہتری نہیں آئی۔ بدھ 2 نومبر سے گڑگاؤں کے ‘شدید’ زمرے میں آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ نوئیڈا کی ہوا کا معیار بھی مزید گرنے کی امید ہے۔
شمال مغربی دہلی کے نریلا میں سب سے زیادہ AQI 571 درج کیا گیا ہے۔ شمالی دہلی کی ہوا کا معیار اس وقت سب سے خراب ہے کیونکہ تقریباً تمام اسٹیشنوں کا AQI 400 سے اوپر ہے۔