نئی دہلی، 16 دسمبر (یواین آئی) دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ پیر کو، ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 350 پر ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔ اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی)-3 کی پابندیوں کو نافذ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت دہلی-این سی آر میں تعمیراتی کام، ڈیزل گاڑیوں کے چلانے اور دیگر آلودگی پھیلانے والی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
ادھر دوسری جانب دہلی-این سی آر میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پیر کی صبح ہلکا کوہرا چھایا رہا، جبکہ منگل سے گھنے کوہرے کے ساتھ سردی کی لہر کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے درجہ حرارت میں مزید کمی ہوگی، جس کے نتیجے میں کم از کم درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری تک محدود رہے گا۔
پیر کو دہلی کا کم از کم درجہ حرارت 5 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری رہا۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 17 دسمبر سے کولڈ ویو کے اثرات نمایاں ہوں گے، اور 18 دسمبر کو درجہ حرارت مزید کم ہو کر 4 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔ 20 دسمبر کو دہلی اور این سی آر میں گھنے کوہرے کے باعث حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔