نئی دہلی(یواین آئی) ایوانِ دستور کے سنٹرل ہال میں پیر کو پروگرام "پنچایت سے پارلیمنٹ 2.0” میں 22 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پنچایتی راج اداروں سے درج فہرست قبائل کی 502 خواتین نمائندہ شرکت کریں گی۔لوک سبھا اسپیکر اوم برلا ایوان دستور کے سنٹرل ہال میں منعقد کئے جارہے اس ایک روزہ پروگرام کا افتتاح کریں گے اور نمائندوں سے خطاب کریں گے۔ پروگرام کا مقصد درج فہرست قبائل کی منتخب خواتین نمائندوں کو آئینی التزامات، پارلیمانی طریقہ کار اور حکمرانی کے نظام کے بارے میں گہرائی سے معلومات فراہم کرنا ہے۔
مسٹربرلا کی قیادت میں تمام مندوبین ہندوستان کے آئین کی تمہید سنائیں گے۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر اناپورنا دیوی، قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن وجیا رہاٹکر اور دیگر معززین موجود رہیں گے۔ لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اتپل کمار سنگھ استقبالیہ خطاب کریں گے۔ قبائلی امور کے مرکزی وزیر جوال اورم دوسرے اجلاس سے خطاب کریں گے۔لارڈ برسا منڈا کے 150ویں یوم پیدائش کی یاد میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں ورکشاپس اور سیشنز ہوں گے اور شرکاء کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس، آئین ہاؤس، وزیر اعظم میوزیم اور راشٹرپتی بھون لے جایا جائے گا تاکہ انہیں ہندوستان کے قانون سازی کے عمل اور جمہوری اداروں کے کام کاج کی گہری معلومات حاصل ہوسکے۔
اس پروگرام میں 22 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے درج فہرست قبائل کی 502 منتخب خواتین نمائندہ شامل ہوں گی، جس کے نتیجے میں متنوع اور جامع گروپ کے درمیان علم کا تبادلہ ہوگا۔ اس پروگرام کا مقصد پنچایتی راج اداروں میں منتخب درج فہرست قبائل کی خواتین نمائندوں کو بااختیار بنانا اور انہیں موثر قیادت کو فروغ دینے کے لیے آئینی التزامات، پارلیمانی طریقہ کار اور حکمرانی کے بارے میں گہرائی سے معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے انعقاد کے پیچھے ایک اور مقصد تعلیم، دیہی ترقی وغیرہ جیسے مختلف شعبوں میں درج فہرست قبائل کی خواتین نمائندوں کی طرف سے کئے گئے اچھے کام کو تسلیم کرنا بھی ہے۔
شرکاء کے لیے انٹرایکٹو ورکشاپس اور سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا جس کا آپریشن نامور ماہرین اور اراکین پارلیمنٹ کریں گے۔یہ سیشن درج ذیل کلیدی شعبوں پر مبنی ہوں گے:-(1) خواتین سے متعلق آئینی التزامات، جس میں 73ویں ترمیم – پنچایت پروویژنز (شیڈولڈ ایریاز میں توسیع) ایکٹ (پیسا ایکٹ) پر خاص طورپر زور دیا جائے گا۔(2) قبائلی مسائل سے متعلق مرکزی حکومت کی اسکیمیں اور پروگرام۔یہ پروگرام "پنچایت سے پارلیمنٹ 2024” کے تناظر میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ہندوستان بھر سے 500 خواتین سرپنچوں نے حصہ لیا تھا۔ پروگرام کے دوسرے ایڈیشن، پنچایت سے پارلیمنٹ 2.0، کا مقصد اب تک کی پیشرفت کو آگے بڑھانا اور خاص طور پر دیہی اور قبائلی برادریوں کی خواتین کی قائدانہ صلاحیت کو مزید مضبوط کرنا ہے۔