نئی دہلی(یو این آئی) عام آدمی پارٹی نے کہا کہ اکثریت کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی بے ایمانی کے ذریعہ کارپوریشن پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔نامزد کونسلروں سے ووٹ کروانے کی سازش کے خلاف عام آدمی پارٹی نے پیر کو بی جے پی کے دفتر کا گھیراؤ کرکے احتجاج کیا۔اے اے پی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے سوربھ بھردواج نے کہا کہ بی جے پی بے ایمانی سے کارپوریشن پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ دہلی کے لوگوں نے اے اے پی کو اکثریت دی ہے، لیکن لیفٹیننٹ گورنر نے من مانی طور پر بی جے پی کارکنوں کو نامزد کونسلر مقرر کیا ہے۔ بی جے پی کو غنڈہ گردی کے ذریعے ایم سی ڈی پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، چاہے اس کے لیے ہمیں اپنی جان ہی کیوں نہ دینی پڑے۔
انہوں نے کہا، ’’ہم کانگریس نہیں ہیں جو بی جے پی سے ڈر جائیں اور سرینڈرکردیں۔ ہمارے لوگ ان کے خلاف لڑیں گے اور اپنا حق چھینیں گے۔ بی جے پی اپنی شرمندگی نکال رہی ہے۔ کھسیانی بلی آئین کو نوچے، ان کا یہ حال ہوگیا ہے۔ یہ لوگ آئین کو نہیں مانتے، ڈی ایم سی ایکٹ کو نہیں مانتے۔ لیفٹیننٹ گورنر اخلاقیات کی بات کرتے ہیں اور بی جے پی کارکنوں کو مضبوط کر رہے ہیں۔
دہلی کے کابینہ وزیر راج کمار آنند نے کہا کہ ہم بی جے پی کے غیر جمہوری چہرے کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں۔ عوام کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ جمہوریت کا قتل کرکے ہم بھی چاہتے تو اس دن اپنا میئر بنا سکتے تھے۔ انہوں نے کہا، ’’غلط طریقوں سے بنائے گئے ان 10 نامزد کونسلروں کے ذریعہ ووٹ کروانے کے بعد بھی ہم اپنا میئر بنا سکتے تھے۔ یہ ساری دہلی جانتی ہے۔ لیکن ہمارے لیڈر اروند کیجریوال ایسی حکومت نہیں چاہتے جس میں جمہوریت کا قتل کرکے حکومت بنائی جائے۔ بی جے پی ہمیشہ ایسی حکومت بناتی ہے، جس میں جمہوریت کا قتل ہوتا ہے۔ دونوں جماعتوں میں یہی فرق ہے اور اسی فرق کے ساتھ ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
عام آدمی پارٹی سے براڑی کے ایم ایل اے سنجیو جھا نے کہا، "بی جے پی جس طرح سے اس ملک کے آئین کو مسلسل قتل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ بی جے پی کی 15 سال کی غلط حکمرانی سے پریشان دہلی کے لوگوں نے اپنا مینڈیٹ عام آدمی پارٹی کو دیا۔ دہلی کے لوگ چاہتے ہیں کہ عام آدمی پارٹی کا میئر بنے، لیکن لیفٹیننٹ گورنر بی جے پی کا میئر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔