سری نگر02اگست(یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے اکھل جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین شدید مڈبھیڑکے دوران دو عدم شناخت ملی ٹینٹ مارے گئے ، جب کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق جمعے کی شام اکھل دیوسر علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی۔ جوں ہی سیکورٹی اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے ، وہاں چھپے ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر منہ توڑ جواب دیا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ رات بھر رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری رہا اور ہفتے کی صبح ایک ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی گئی۔ اس کے بعد جب فورسز نے دوبارہ آپریشن تیز کیا تو ایک اور دہشت گرد کی ہلاکت عمل میں آئی۔ تاہم مارے گئے دونوں دہشت گردوں کی شناخت فوری طور پر ممکن نہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا، جس کے پیش نظر جنگلی علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے فرار کے تمام راستے بند کر دئے گئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے جنگل کی طرف جانے والی سڑکوں کو کانٹے دار تار سے بند کر دیا ہے اور کسی بھی شہری کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔فوج کی چنار کور نے بھی ایکس (سابق ٹویٹر) پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کولگام کے اکھل دیوسر علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے اور فورسز پوری مستعدی کے ساتھ علاقے میں موجود ہر ممکن خطرے کو ختم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔












